پی ڈی ایم سے دوری پر PPP پچھتا رہی ہو گی: طلال چوہدری

October 19, 2021


رہنما مسلم لیگ نون طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم سے دور ہونے پر آج پاکستان پیپلز پارٹی پچھتا رہی ہو گی۔

یہ بات رہنما مسلم لیگ نون طلال چوہدری نے ’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون نے لوگوں کو زبان دی ہے، نون لیگ لوگوں کی آواز بنی ہے، جبکہ عمران خان کے ساتھ کھڑے لوگ بھاگ رہے ہیں۔

طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ کٹھ پتلیاں آتی ہیں تو مہنگائی ہوتی ہے، وہ اپنے مالک کو خوش کرتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ احتساب کے نام پر پارٹیاں توڑی اور بنائی جاتی ہیں، زبان بند کرنے کے لیے پکڑ دھکڑ کی جاتی ہے۔

رہنما مسلم لیگ نون طلال چوہدری کا یہ بھی کہنا ہے کہ مہنگائی الیکشن چوری کرنے کی وجہ سے ہوتی ہے، ووٹ کو عزت دی جاتی تو مہنگائی نہیں ہوتی، حکمرانوں کو پتہ ہوتا کہ ووٹ سے آئے ہیں تو لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کی جاتیں۔