مسجدِ نبوی ﷺ سے اٹھنے والے انقلاب نے دنیا بدل دی: صدرِ پاکستان

October 19, 2021


صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ مسجدِ نبوی ﷺ سے اٹھنے والے انقلاب نے پوری دنیا کو بدل کر رکھ دیا۔

یہ بات صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایوانِ صدر اسلام آباد میں منعقد ہونے والی قومی رحمۃ اللعالمین صلی اللّٰہ علیہ وسلم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ قوم کی تربیت اور اصلاح میں مسجد کا اہم کردار ہے۔

واضح رہے کہ آقائے دو جہاں، رحمۃ للعالمین، سرورِ کونین، خاتم الانبیاء، حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے یومِ ولادت پر ملک بھر میں جشن منایا جا رہا ہے۔

شہر شہر، قریہ قریہ سج چکا ہے، فضاؤں میں درود و سلام کی صدائیں گونج رہی ہیں، گھر، گلیاں، محلے، مساجد، شاہراہیں اور عمارتیں رنگ و نور سے جگمگا اٹھی ہیں، نبیٔ آخر الزماں صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے ذکر کی محافل کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے۔

ایوانِ صدر میں منعقد ہونے والی قومی رحمۃ للعالمین کانفرنس میں مختلف طبقہ ہائے فکر کے علمائے کرام نے بھی خطاب کیا ہے۔

وزیرِمذہبی امور، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل اور دیگر نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔