لاہور میں قتل کیے گئے 3 بھائیوں کی نماز جنازہ مظفرآباد میں ادا

October 19, 2021

لاہور میں دو روز قبل معمولی تنازع پر قتل ہونے والے تین بھائیوں کی نماز جنازہ مظفرآباد میں ادا کردی گئی، لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

لواحقین کے مطابق حافظ طاہر محمود، حافظ طاہر مسعود اور ذیشان کو دو روز قبل شاہدرہ جہانگیرہ کالونی میں پارکنگ کے تنازع پر گھر سے باہر بُلا کر گولیاں مار کے قتل کر دیا گیا تھا۔

مظفرآباد کے نواحی علاقے کلس ہو تہیڑی کا رہائشی کشمیری خاندان چار دہائیوں سے لاہور میں مقیم تھا۔

تین جوان میتوں کےساتھ نماز جنازہ سے قبل ختم نبوت چوک نلوچھی برج پر احتجاج کرتے ہوئے لواحقین نے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

آزاد کشمیر کے وزیر خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ لواحقین کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، اپنے شہریوں کے قتل کے حوالے سے پنجاب حکومت سے رابطے میں ہیں۔