بھارتی چیف جسٹس سے آریان کیس پر ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ

October 20, 2021

شیو سینا لیڈر کشور تیواری نے بھارتی چیف جسٹس این وی رمنا سے آریان خان منشیات برآمدگی کیس کے معاملے پر از خود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

کشور تیواری نے اپنے مطالبے میں کہا کہ اس معاملے میں گرفتار آریان خان کے بنیادی حقوق کی حفاظت کی جانی چاہیے۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ منشیات کے معاملے میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے کردار کی بھی تفتیش ہونی چاہیے۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ آریان خان نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے ایک افسر کے انتقام کا شکار ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ یہ دیکھنا بہت تکلیف دہ ہے کہ کوئی شخص جیل کے اندر کئی دن تک ثبوتوں کے بغیر رہتا ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے رواں ماہ 2 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل پر کروز شپ پر چھاپہ مارا تھا جہاں پارٹی چل رہی تھی اور اس پارٹی میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان بھی موجود تھے۔

آریان خان کی 3 سے زائد درخواست ضمانت مسترد ہوچکی ہیں، آریان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ 20 اکتوبر (آج) تک کے لیے محفوظ کیا گیا تھا۔