اسرا بیلگیچ نے ٹوئٹر اکاؤنٹ کیوں ڈیلیٹ کیا؟

October 20, 2021

دُنیا بھر میں مقبول شہرہ آفاق تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں حلیمہ سلطان کا کردار نبھانے والی تُرک اداکارہ اسرا بیلگیچ نے اچانک اپنا ٹوئٹر اکاؤٹ ڈیلیٹ کردیا۔

ابھی تک اداکارہ کی جانب سے ٹوئٹر اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے کی کوئی وجہ سامنے نہیں آئی ہے۔

خیال رہے کہ اسرا اپنے سوشل میڈیا اکاؤٹس پر اپنے مداحوں کے ساتھ اکثر اپنے ساتھی اداکاروں اور دوستوں کے ساتھ اپنی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں۔

اس کے علاوہ اسرا بیلگیچ سوشل میڈیا پر مختلف سماجی مسائل کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کرتی ہیں اور اپنی پسندیدہ چیزوں کے بارے میں بھی اپنے مداحوں کو بتاتی رہتی ہیں۔

ٹوئٹر اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے سے پہلے اداکارہ نے اپنے مداحوں کو اپنی پسندیدہ بالی ووڈ اداکارہ کے بارے میں بتایا تھا۔

انہوں نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر بالی ووڈ ’پریم رتن دھن پایو‘ کا ٹائٹل سانگ شیئر کیا تھا اور سونم کپور کی تعریف کی تھی۔

اُنہوں نے بالی ووڈ کی پلے بیک گلوکارہ پلک موچل کو بھی اُن کی سُریلی آواز کے لیے سراہا تھا۔

ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے اسرا بیلگیچ نے ترکی زبان میں لکھا تھا کہ ’خوبصورت آواز اور سونم کپور کی بے مثال صلاحیت ایک کمال کام کو ترتیب دیتی ہے۔‘

تاہم اداکارہ اسرا بیلگیچ اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اب بھی متحرک ہیں اور اپنی نئی سیریز ’کانونسوز توپراکلر‘ کی نشر ہونے والی نئی اقساط کے حوالے سےاپنے مداحوں کو آگاہ کر رہی ہیں۔