منشیات کیس: عدالت میں آریان خان اور ساتھی اداکارہ کی واٹس ایپ چیٹس پیش

October 20, 2021

نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ممبئی کروز شِپ منشیات کیس میں آریان خان کی اپنی آنے والی فلم کی ساتھی اداکارہ کے ساتھ منشیات کے حوالے سے کی جانے والی واٹس ایپ چیٹ عدالت میں پیش کردی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آج ممبئی کی عدالت میں آریان خان کی درخواستِ ضمانت پر سماعت کی جائے گی اور اس ضمن میں سماعت سے قبل نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے آریان خان اور اُن کی ساتھی اداکارہ کی واٹس ایپ چیٹس عدالت میں پیش کردی ہے جس میں دونوں نوجوان نے منشیات کے حوالے سے بات چیت کی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ چیٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ آریان خان اور اداکارہ کے درمیان منشیات کے بارے میں بات چیت ہوئی تھی۔

مزید یہ کہ آریان خان کی کچھ منشیات فروشوں کے ساتھ بات چیت کی آڈیو بھی عدالت میں پیش کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ آج ممبئی کی ایک خصوصی عدالت آریان خان کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کرے گی جبکہ عدالت نے گزشتہ ہفتے اپنا حکم محفوظ کیا تھا۔

بھارت کے انسداد منشیات ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ممبئی کے ساحل پر 3 اکتوبر کو ایک کروز شپ پر پارٹی کے دوران چھاپہ مار کر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو گرفتار کیا تھا۔

شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات کی پہلے تردید کرتے رہے تاہم انہوں نے بعد میں اعتراف جرم کرلیا تھا۔