آریان خان کیس: شاہ رخ خان اور سلمان خان کی فلموں کی شوٹنگ منسوخ

October 20, 2021

بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی کروز شپ منشیات کیس میں گرفتاری کے بعد شاہ رخ خان اور سلمان خان نے اپنی فلموں کی شوٹنگ کو روک دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ، جس وقت ممبئی کے ساحل پر 3 اکتوبر کو ایک کروز شپ پر پارٹی کے دوران چھاپہ مار کر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو گرفتار کیا گیا تو تقریباََ اسی وقت اداکار کو فلم ’ پٹھان ‘کی شوٹنگ کے لیے اسپین روانہ ہونا تھا۔

آریان کی گرفتاری کے بعد سے سب چیزوںکو روک دیا گیا، اور شاہ رخ خان ڈائریکٹر اتلی کی جس فلم کی شوٹنگ کروا رہےتھے، اسے بھی ملتوی کردیا گیا ہے۔

شاہ رخ خان اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کرنے سے پہلے اب اپنے بیٹے آریان کی ضمانت کی اپیل کے فیصلے کا انتظار کر رہےہیں۔

فلم ’ پٹھان ‘ کے تاخیرکا شکار ہونے سے سلمان خان’ ٹائیگر 3 ‘بھی متاثر ہوئی ہے، دونوں فلمیں یش راج فلمز نے تیار کی ہیں اور ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں، کیونکہ فلم ’ پٹھان ‘میں سلمان کی خصوصی انٹری ہوگی جبکہ شاہ رخ فلم ’ ٹائیگر 3‘ میں بھی نظر آئیں گے۔

خیال رہے کہ سلمان خان آریان کے معاملے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اورگرفتاری سے لیکر اب تک کئی بار شاہ رخ کے گھر کا دورہ بھی کرچکے ہیں اور آریان کے حوالے سے کافی فکر مند ہیں۔