جام کمال کے خلاف ظہور بلیدی کا دعویٰ

October 20, 2021

بلوچستان عوامی پارٹی کے قائم مقام صدر ظہور بلیدی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ بی اے پی کے 1 اور رکن اور صوبائی وزیر نور محمد دمڑ تحریکِ عدم اعتماد میں ہمارے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب وزیرِاعلیٰ بلوچستان جام کمال عددی اعتبار سے بی اے پی کے اراکین کا اعتماد کھو چکے ہیں، بہتر ہے کہ وزیرِاعلیٰ جام کمال خان عہدہ چھوڑ دیں۔

جام کمال وزیرِ اعلیٰ بلوچستان رہیں گے یا جائیں گے؟ اس بات کا فیصلہ آج کچھ دیر بعد ہونے جا رہا ہے ۔

ایسے میں بلوچستان عوامی پارٹی کے قائم مقام صدر ظہور بلیدی کی جانب سے 41 اراکین کی حمایت حاصل ہونے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔

ظہور بلیدی کا کہنا ہے کہ حکومتی کیمپ کے کچھ ایم پی ایز آج ہماری حمایت کر رہے ہیں، وزیرِاعلیٰ جام کمال کے استعفے کے علاوہ کچھ بھی قابلِ قبول نہیں۔

دوسری جانب لیاقت شاہوانی نے بھی وزیرِاعلیٰ بلوچستان جام کمال کے پاس اکثریت ہونے کا دعویٰ کر دیا۔

لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ ارکان کی اکثریت ہمارے ساتھ ہے، یہ اکثریت ثابت ہو جائے گی۔