سیالکوٹ: اے ٹی ایم ہیک کرکے 28 لاکھ نکال لیے گئے

October 20, 2021

سیالکوٹ میں ہیکرز نے اے ٹی ایم ہیک کرکے 28 لاکھ روپے نکال لیے، واقعہ کی سی سی ٹی وی ویڈیو پولیس نے حاصل کرلی۔

تین میں سے 2 ملزمان اے ٹی ایم بوتھ کے اندر آئے اور ایک باہر موجود رہا، ہیکر نے پہلے اے ٹی ایم کو ہیک کیا، پھر رقم نکالی اور اپنی شناخت چھپانے کے لئے سی سی ٹی وی کیمروں پر اسپرے بھی کیا۔

بینک انتظامیہ کو اگلے دن اطلاع ملی تو پولیس سے رجوع کیا، تھانہ مراد پور پولیس نے ایف آئی اے کو رپورٹ ارسال کرکے سائبرکرائم سے مدد مانگ لی۔

تھانا مراد پور پولیس کے مطابق بینک انتظامیہ نے بتایا کہ 16 اکتوبر کو بینک عملے نے اے ٹی ایم میں 50 لاکھ روپے ڈالے،17 اکتوبراتوار کی چھٹی کے بعد اگلے دن 18 اکتوبر کو جب چیک کیا گیا تو 28 لاکھ روپے کم تھے۔

بینک منیجر کی جانب سے دی گئی درخواست کے مطابق تحقیقات میں پتا چلا کہ واردات 17 اکتوبر کو دوپہر کو پیش آئی، جس میں 3 ملزمان نے انٹرنیٹ کی مدد سے اے ٹی ایم کو ہیک کیا اور 28 لاکھ روپے نکال لیے۔