بالی ووڈ کے کون کونسے اسٹار حوالات کی سیر کرچکے؟

October 20, 2021

بالی ووڈ ستاروں یا ان کے اہلِ خانہ پر مقدمات کا سلسلہ کوئی نئی بات نہیں ہے، ہٹ اینڈ رن سے لے کر ڈرگز کیس تک کئی اسٹارز جیل کی ہوا کھاچکے ہیں۔

بالی ووڈ بادشاہ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی گرفتاری شوبز انڈسٹری کا حالیہ ہائی پروفائل کیس ہے۔

اس کیس میں آریان خان کی حال ہی میں درخواست ضمانت ایک مرتبہ پھر مسترد ہوگئی ہے، وہ 18 روز سے جیل میں ہیں اور اب مزید وقت جیل میں گزاریں گے۔

آریان خان بالی ووڈ سے تعلق رکھنے والی پہلی شخصیت یا ان کے گھر کے فرد نہیں ہیں جو جیل میں رہے ہیں بلکہ سنجے دت سے ریا چکرورتی تک کئی نام ایسے ہیں جو جیل کی ہوا کھا چکے ہیں، تاہم یہاں چند ایک کا ذکر کیا جارہا ہے۔

سلمان خان:

بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کو اپنی بلاک بسٹر فلم ہم ساتھ ساتھ ہیں کی شوٹنگ کے دوران 1998 میں پانچ سال قید کی سزا دنائی گئی تھی، تاہم انہوں نے اکتوبر 1998 سے اگست 2007 تک مختلف مراحل میں 18 روز جیل میں گزارے۔

انہیں 2002 کے ہٹ اینڈ رن کیس میں بھی دو سال کی سزا سنائی جاچکی ہے۔

سنجے دت:

سال 1993 میں ممبئی میں ہوئے بم دھماکوں کے بعد سنجے دت اس واردات میں معاون کے طور پر ملوث پائے گئے اور انہیں 6 سال کی سزا سنائی گئی۔

2013 میں ان کی سزا میں ایک سال کی کمی کردی گئی، جس کے بعد انہیں سزا ہوئی اور وہ فروری 2016 میں انہیں رہائی ملی۔

ریاچکرورتی:

سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد خبروں میں آنے والی آنجہانی اداکار کی سابقہ گرل فرینڈ کو بھی منشیات سے متعلق کیس میں این سی بی کی جانب سے گرفتار کیا گیا تھا۔

ریا نے اس دوران تقریباً ایک ماہ سلاخوں کے پیچھے گزارا اور بمبئی ہائی کورٹ نے انہیں ضمانت پر رہا کیا۔

فردین خان:

اداکار فردین خان کو سال 2001 میں ممبئی پولیس نے منشیات رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

انہوں نے 3 روز حوالات میں گزارے جس کے بعد انہیں رہا کردیا گیا تھا جبکہ 2012 میں ممبئی کی مقامی عدالت نے انہیں پروسیکیوشن سے استثنیٰ دے دیا تھا۔

شائنی آہوجا:

گینگسٹر فلم سے شہرت پانے والے اداکار شائنی آہوجا کو 2009 میں گھریلو ملازمہ کے ریپ کے الزام میں 7 سال قید کی سزا سنادی گئی تھی۔

انہیں بمبئی ہائی کورٹ نے 2011 میں ضمانت پر رہا کردیا تھا۔

سورج پنچولی:

نوجوان اداکار سورج پنچولی بھی حوالات کی سیر کرنے والے اسٹارز میں شامل ہیں، اداکار سورج پنچولی کو اداکارہ جیا خان کو خودکشی پر مجبور کرنے کے الزام میں سزا سنائی تھی۔

سورج پنچولی نے اس کیس میں اپنے شب و روز سلاخوں کے پیچھے گزارے تھے جس کے بارے میں انہوں نے میڈیا کو کہا تھا کہ انہیں ممبئی کی جیل کے ایجنڈا سیل میں رکھا گیا تھا۔