عشق رسولؐ مسلمانوں کی بنیاد، میلاد محبت کا اظہار ہے، شاہ عبدالحق قادری

October 21, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اہلسنت پاکستان کے زیراہتمام عیدمیلادالنبیؐ کے موقع پر نشترپارک میں ہونے والے مرکزی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیرجماعت اہلسنت پاکستان شاہ عبدالحق قادری نے کہاہے کہ 12 ربیع الاول کو شان وشوکت کے ساتھ منانے پر کسی کو کوئی شک وشبہ نہیں ہونا چاہیئے، عشق رسولؐ مسلمان کی بنیاد ہے، میلادمصطفیٰ حضوراکرمؐ سے عشق، محبت کا اظہار ہے، علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی نے اپنے خطاب میں کالعدم تحریک لبیک کے سربراہ سعدرضوی کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ اب ہم مطالبات منوانے کے لیے حکومت سے درخواست نہیں کریں گے بلکہ اپنے مطالبات منواکررہیں گے انہوں نے کہاکہ ریاست مدینہ کانام لے کرعوام کو بے وقوف نہ بنایا جائے بلکہ ریاست مدینہ بنانے کے لیے قانون سازی کی جائے، سنی تحریک کے سربراہ محمدثروت اعجازقادری نے کہاکہ ہمیں ایک پلیٹ فارم پر متحدہونا ہوگا اس حوالے سے ہمارے اکابرین جوفیصلہ کریں گے ہمیں منظور ہوگا، ثروت اعجازقادری نے بھی سعدرضوی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا انہوں نے کہاکہ ریاست مدینہ کی بات کرنے والے عوام کو گمراہ نہ کریں نظام مصطفی ٰپارٹی کے صدر سابق وفاقی وزیر حاجی حنیف طیب نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک سے سودی نظام کا فوری خاتمہ کیا جائے انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں سرکاری طور پر میلادکانفرنس کا انعقاد کیا جائے ،انہوں نے اس موقع پر نشترپارک میں سانحہ نشترپارک کے شہداء کی یاد قائم کرنے کااعلان کرتے ہوئے شہداء سانحہ نشترپارک کی یادگار کی تختی بھی نصب کی، مولاناابراررحمانی ، ڈاکٹرفریدالدین قادری اور دیگر نے بھی جلسے سے خطاب کیا، اسٹیج پر شاہ سراج الحق قادری، علامہ فیضی، محمدعاطف بلو،الطاف قادری، سیدعبدالوہاب قادری، سلیم عطاری، سیدرفیق شاہ، علامہ اشرف گورمانی اور دیگر بھی موجودتھے۔