چینی ایکس ملز ریٹ کیخلاف پٹیشن کی سماعت منگل تک ملتوی

October 21, 2021

اسلام آباد(حنیف خالد) وفاقی حکومت کی طرف سے چینی کی ایکس ملز قیمت 84روپے 75 پیسے فی کلو مقرر کئے جانے کیخلاف پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کی طرف سے دائر کردہ رٹ پٹیشن کی سماعت آئندہ منگل 26اکتوبر کیلئے ملتوی کر دی گئی۔ اس طرح ملک بھر کے صارفین کو کم از کم 26اکتوبر تک چینی کم و بیش 100یا اس سے زائد قیمت پر مزید خریدنا ہو گی۔20اکتوبر کو ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ کے روبرو پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے وکیل مسٹر امتیاز ایڈووکیٹ نے سارا دن دلائل دینے کا سلسلہ جاری رکھا۔ آئندہ منگل کو پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے تین مزید وکلاء شہزاد الٰہی ایڈووکیٹ‘ سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ اور علی سبطین فاضلی ایڈووکیٹ باری باری دلائل دینگے جس کے بعد ڈپٹی ایڈووکیٹ جنرل پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے وکلاء کے دلائل کا جواب دینا شروع کرینگے۔ ڈویژن بنچ نے 20اکتوبر بدھ کے روز ہونے والی سماعت کے بعد آرڈر جاری کیا کہ حکومت پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن‘ اُنکی ممبر شوگر ملوں کیخلاف کوئی سخت اقدام نہیں اٹھائے گی۔