جے ایس بینک اور ہسپانوی قونصلیٹ کے اشتراک سے کتاب کی رونمائی

October 21, 2021

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)جے ایس بینک اور ہسپانوی قونصلیٹ نے مشترکہ طور پر اسلام آباد میں ہسپانوی سفیر کی رہائش گاہ پر پاکستانی فوٹو گرافرعمار زیدی کے تصویری سفرنامے’اے واک تھرو اسپین‘ کے عنوان سے کتاب کی رونمائی کی۔ تقریب میں سفارتکار، وفاقی حکومت، بزنس کمیونٹی اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات نے شرکت کی۔ اسپین کے تاریخی پس منظراور قدرتی حسن کو عمار زیدی نے اپنے کیمرے کی آنکھ سے ایک لازوال لمحے میں ڈھالتے ہوئے اس تصویری سفر نامے میں اسپین کی ہمہ جہتی ثقافت کے سحر انگیز لمحات کو نہایت خوبصورت انداز میں پیش کیا ہے۔ اس تخلیقی عمل کا آغاز پاکستان میں ہسپانوی سفارتخانے کی درخواست پر کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں تعینات اسپین کے سفیر مینوئل ڈورن گمینز ریکو کا کہنا تھا کہ یہ دیکھ کراچھا لگا کہ اسپین کی تاریخ کو نہایت خوبصورتی سے پیش کیا گیا ہے۔ تخلیق کار نے اسپین کے مختلف ورثوں کی پیچیدگیوں اور خوبصورتی کو نہایت شاندار انداز سے اجاگر کیا ہے۔ امید کرتے ہیں کہ بین الثقافتی ریسرچ اور تجربات کے اشتراک سے ایسے مواقع کو مزید فروغ ملے گا جس سے پاکستان اور اسپین کی عوام کے مابین تعلقات مزید مستحکم اور مضبوط ہوں گے۔ جے ایس بینک کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عمار زیدی کا کہنا تھا کہ ʼجے ایس بینک کی جانب سے پاکستان میں فنون لطیفہ، ادب اور ثقافت کے فروغ کیلئے کئے گئے اقدامات کے نتیجے میں جے ایس بینک سے رابطہ کیا۔ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں اور امید ہے کہ اس کام سے ہماری قوم کا ادبی منظرنامہ مزید اُجاگر ہو گا اور دیگر مصنفین کو اپنی کہانیاں سنانے اور اپنے تجربات سے آگاہ کرنے کا موقع بھی ملے گا۔جے ایس بینک کے چیف آپریٹنگ آفیسر عمران حلیم شیخ نے اس طرح کے اقدامات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بطور ایک ادارے کے جے ایس بینک مقامی فنکاروں کی کاوشوں اور تخلیقی کام کو فروغ دینے کیلئے پر عزم ہے۔