سالانہ مرمت وبحالی ،لیسکوکا6گھنٹے لوڈ شیڈنگ کااعلان

October 21, 2021

لاہور(تجمل گرمانی) لیسکو نےسالانہ مرمت و بحال پروگرام شروع کر دیا جس کے تحت روزانہ 6 گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہو گی، جن علاقوں میں سالانہ مرمت و بحالی کا کام ہو گا وہاں روزانہ صبح نو بجے سے سہ پہر تین بجے تک بجلی بند ہو گی، سالانہ مرمت کا پروگرام چھ ما ہ جاری رہے گی جو اکتوبر سے مارچ کے درمیان جاری رہے گا۔ ہفتہ میں چھ دن بجلی کی سپلائی بند رکھنے کا فیصلہ ہوا ہے ہفتہ اور اتوار بھی بجلی بند رہے گی تاہم جمعہ کو مرمت کا کام بند رہے گا، اور بجلی کی سپلائی بحال رہے گی ، کمپنی نے اپ گریڈیشن کیلئے استعمال ہونیوالے میٹریل کی قلت کے باوجود مختلف علاقوں میں بجلی معطل کرنا شروع کر دی ہے۔ تعمیراتی کاموں میں استعمال ہونیوالے ٹرانسفارمر کمپنی کے پاس ختم ہو چکے ہیں، جبکہ سسٹم کی اَپ گریڈیشن کیلئے مختلف دفاتر کو زنگ آلود اور بوسیدہ کنڈکٹر جاری کیے گئے ہیں۔دریں اثنا لیسکو سسٹم میں بجلی کی طلب 3300میگا واٹ اور سپلائی 3100میگا واٹ ہوگئی ہے ۔