جشن میلادالنبی ﷺ مذہبی عقیدت واحترام سے منایا گیا

October 21, 2021

ملتان( سٹا ف رپو ر ٹر ) ملک بھر کی طرح ملتان میں بھی جشن میلادالنبی ﷺ مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منایاگیا۔ مختلف مقامات سے میلادریلیاں اورجلوس نکالے گئے جن میں لوگوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔شہرکی گلیوں،بازاروں اورمختلف عمارتوں کو خوبصورتی کے ساتھ سجایاگیاتھا۔ جلوسوں کے راستوں پر ٹریفک حسب روایت رواں دواں رہی، جلوس کے راستوں میں مختلف مقامات پرسبیلیں لگائی گئیں تھیں اورشرکاء میں لنگر تقسیم کیاجاتارہا۔ مختلف مقامات پراستقبالیہ کیمپ قائم کئے گئے تھے جہاں جلوس کے شرکاء کی دستاربندی کی گئی۔ عیدمیلادالنبیؐ کے موقع پرملتان میں تمام اہم عمارتوں،بازاروں اورگلیوں محلوں میں چراغاں بھی کیاگیاتھا۔ ملتان میں میلادالنبی ﷺکامرکزی قدیمی تاریخی جلوس ہرسال کی طرح انجمن اسلامیہ کے زیراہتمام نکالا گیا ، سالانہ جلوس کی قیادت صدر انجمن اسلامیہ مخدوم سید تنویرالحسن گیلانی،انجمن اسلامیہ کے زیر اہتمام سب سے بڑا اور 93 سالہ قدیم تاریخی جلوس شوکت حسین اسلامیہ کنڈر گارٹن سکول دولت گیٹ سے نکالا گیا جس کی قیادت صدر انجمن اسلامیہ مخدوم سید تنویر الحسن گیلانی ،سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی ،مخدوم سید غلام یزدانی گیلانی، درگاہ حضرت موسیٰ پاک شہید کے سجادہ نشین مخدوم سید ولایتِ مصطفےʼگیلانی ،مخدوم سید راجن بخش گیلانی نے کی۔ مرکزی انجمن انوار غوثیہ دربار قلعہ کہنہ قاسم باغ سے جلوس نکالا گیا ،جس کی قیادت سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، دربارحضرت موسیٰ پاک شہیدؒ کے سجادہ نشین مخدوم سید ابوالحسن گیلانی ،مخدوم جاوید ہاشمی ،غوث انورگیلانی ودیگر نے کی ، اس موقع پر دعائیہ تقریب بھی ہوئی ،جس میں ایڈیشنل آئی جی ظفراقبال، زوہیب گیلانی ، ایم پی اے ندیم قریشی ، سلیم لابر ،مہندرپال سنگھ ،نوید الحق ارائیں، بابو نفیس انصاری ودیگر نے شرکت کی، جامعہ انوارالعلومکے زیراہتمامجشن میلاد النبیؐ کا مرکزی جلوس ”کاروان مصطفی“ نکالا گیا، جسکی قیادت شیخ الحدیث علامہ سید ارشد سعید کاظمی نے کی، مرکزی جماعت اہل سنت کے جلوس کی قیادت درگاہ حامدیہ کے سجادہ نشین قاری ناصر میاں خان نے کی،زاہد بلال قریشی ،حاجی سلیم حامدی اور دیگرشریک تھے۔ پاکستان سنی تحریک ملتان کے زیراہتمام میلاد ریلی جامعہ عربیہ فیض القرآن زکریا ٹاون سے نکالی گئی اور زکریا ٹاون سے گزر کر چونگی نمبر 6 سے ہوتی ہوئی نشیمن کالونی جامعہ عربیہ فیض القرآن پر اختتام پذیر ہوئی، ریلی کی قیادت ڈویژنل صدر پاکستان سنی تحریک خواجہ ندیم مدنی صدیقی ودیگر قائدین نے کی رمرکزی بزمِ مُحبِ غُلامانِ رسول ﷺ ملتان پاکستان کے زیراہتمام جلوس جامع مسجد ابو خان سردار چوک اندرون دہلی گیٹ ملتان سے نکالا گیا، قیادت مشیر وزیراعلٰی پنجاب حاجی جاوید اختر انصاری اور صدر مرکزی بزمِ مُحبِ غُلامانِ رسولؐ ملتان پاکستان نعیم اقبال نعیم نے کی، امام بارگاہ حسین آباد دولت گیٹ چوک پر مجلس وحدت المسلمین کے قائدین علامہ اقتدار حسین نقوی، علامہ کاشف ظہور، علامہ وسیم معصومی و دیگر نے جلوس کا استقبال کیا۔بزم المعصوم و بزم حسان بن ثابت کے زیر اہتمام جامع سعیدیہ حسان بن ثابت پیر بخاری کالونی قاسم پور سے میلاد ریلی نکالی گئی۔ انجمن سرکارمدینہ کے زیر اہتما م چوک شاہ عباس سے سرپرست اعلی اقبال یوسف نقشبندی، صدرملک اختر کی قیادت میں جلوس نکالا گیا جس میں جلوس میں ایم پی اے سلمان نعیم، عامر اقبال، فیصل اقبال، قاری بشیر احمد معصومی ودیگر نے شرکت کی۔ امام بارگاہ حسین آباد دلت گیٹ پر جلوسوں کے استقبالی کیمپ لگایا گیا ، تحفظ عزاداری امام حسین کونسل کے مرکزی صدر خاور شفقت بھٹہ، دربار حضرت شاہ شمس کے سجادہ نشین مخدوم سید علی مہدی شمسی، مخدوم سید عون عباس شمسی، علامہ سید اقتدار نقوی، سید طالب حسین پرواز، علامہ سید مجاہد عباس گردیزی،علامہ غلام مصطفےٰ انصاری،مہر سخاوت علی سیال ملک شجر عباس کھوکھر، شیخ خرم شہزاد، جاوید خان ودیگرموجود رہے۔ مرکزی تحریک اخوت اسلامیہ کے زیراہتمام عیدمیلادالنبیؐ کے جلوس کی قیادت سجادہ نشین درگاہ حضرت چادروالی سرکار صاحبزادہ پیرسیدعلی حسین شاہ نے کی۔ چیئرمین تحفظ تاجران ملتان ڈویژن اور صدر انجمن تاجران سورج کنڈ روڈ چوک شاہ عباس ملتان ملک نیاز محمد بھٹہ کی جانب سے جشن عید میلادالنبیؐ کے جلوسوں کے استقبال کے لیے چوک شاہ عباس پر استقبالی کیمپ لگایا گیا اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دورہ کیا اور جلوسوں کے قائدین تاجر و عوامی رہنمائوں کی دستار بندی کی۔