چوری کا مقدمہ واپس لینےکیلئے SHOکے سامنے دھمکیاں دی گئیں،تاجر

October 21, 2021

ملتان(سٹاف رپورٹر) مقامیتاجر شیخ عبدالرحمٰن نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ چوری کے مقدمہ میں ملوث ملزمان کے حامیوں نے تھانہ مخدوم رشید میں ایس ایچ او کی موجودگی میں مجھ پر پستول تان لیا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے مقدمہ سےدستبردار ہونے کیلئے دباؤ ڈالتے رہے ،ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے تھانہ مخدوم رشید میں ایک کروڑ مالیت کا وائٹ سپرٹ چوری کرنے کےالزام میں نقیب، نجیب خان وغیرہ کیخلاف مقدمہ درج کرایا ،پولیس نے پہلے تو ملزمان کو پکڑنے میں لیت ولعل سے کام لیا ،بعدازاں ان کے شورواویلا پر ملزمان کو گرفتار تو کرلیا گیا لیکن انہیں تھانےمہمان بنا کر رکھا گیا ،پولیس میری ریکوری میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہی ۔ اسی سلسلہ میں ایس ایچ او سے ملنے گیاتووہاں ملزمان کے حامی پہلے سے موجود تھے اور انہوں نے پولیس کے سامنے انہیں دھمکیاں دیں ،انہوں نے ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب ، آرپی او اور سی پی او ملتان سے مطالبہ کیا کہ اس معاملہ کا نوٹس لیا جائے ، ملزمان کے ساتھ ان سے سازباز کرنے والے پولیس ملازمین کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔ دوسری جانب تھانہ مخدوم رشید نے اس الزام کو حقائق کے برخلاف قراردیا ہے ،پولیس کا کہنا ہے کہ چوری کے مقدمہ میں نامزد ملزمان گرفتار ہیں ،معاملہ کی تحقیقا ت جاری ہیں۔