پاکستان ناقابل تسخیر ایٹمی قوت بن چکا ہے، ڈاکٹر ثمر مبارک مند

October 21, 2021

ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر ثمر مبارک مند کا کہنا ہے کہ اب کوئی وطن عزیز کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، پاکستان ناقابل تسخیر ایٹمی قوت بن چکا ہے۔

ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے نجی یونیورسٹی کی تقریب سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ بھارت نے ایٹمی دھماکا کیا تو طاقت کے توازن کے لیے ہم ایٹمی طاقت بن گئے، پاکستان نے مئی 1998ء میں ایٹمی دھماکا کر کے دنیا میں اپنی طاقت منوالی، نئی نسل اب استحکام پاکستان کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قیام پاکستان کے وقت فی کس آمدن 60 ڈالر تھی، آج 1200 ڈالر پر پہنچ گئی، ملک کا لٹریسی ریٹ 12 فیصد تھا آج 70 فیصد سے تجاوز کر گیا۔

ڈاکٹر ثمر مبارک مند کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان کے وقت ہم 50 میگاواٹ بجلی امرتسر سے منگواتے تھے، آج ہم 33 ہزار میگاواٹ بجلی خود پیدا کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے کہا ہے کہ ہم 303 کی گولی نہیں بنا سکتے تھے، آج ٹینک، میزائل، فائٹر ایئر کرافٹ بنا رہے ہیں۔

ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر ثمر مبارک مند کا مزید کہنا تھا کہ طاقت کا توازن قائم ہے عوام سکھ کی نیند سورہے ہیں،حکومت کو تعلیم صحت سمیت فلاحی منصوبوں پرکام کرنا ہوگا۔