’سندھ میں لڑکیوں کی تعلیم کے مسائل‘ پر ریسرچ اسٹڈی لاؤنچ

October 21, 2021

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِصدارت ’سندھ میں لڑکیوں کی تعلیم کے مسائل‘ پر ریسرچ اسٹڈی کی لاؤنچنگ کی گئی ہے جبکہ یہ ریسرچ اسٹڈی صوبائی محتسب اعلیٰ نے سندھ فاؤنڈیشن سے کروائی ہے۔

اس موقع پر سید مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ ریسرچ اسٹڈی حکومت کے لیے رہنمائی کا سبب بنے گی، اسٹڈی میں گرلز ایجوکیشن کے مسائل اور ان کا حل بھی بتایا گیا ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا ٹریک ریکارڈ ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانے پر کام کیا ہے، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے دورِ حکومت میں فرسٹ ویمن بینک اہم قدم تھا۔

اُنہوں نے کہا کہ ویمن پولیس اسٹیشن، خواتین کو زمین دینا، نوکریوں میں کوٹا مقرر کرنا بھی اہم اقدامات تھے، ہم اسٹڈی کی سفارشات کے مطابق گرلز ایجوکیشن کے لیے مزید وسائل کے انتظامات کریں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے یہ بھی کہا کہ ہماری تعلیم کی ترقی ہماری ترقی کا راستہ بنے گی، کوئی معاشرہ خواتین کی تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا، اگر ماں تعلیم یافتہ ہوگی تو خاندان بھی علم کی روشنی سے روشن ہوگا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں تعلیم مفت ہے، آپ اپنی بچیوں کو تعلیم سے آراستہ کریں، پرائمری اسکولوں کو اپ گریڈ کرکے ایلیمینٹری، سیکنڈری اسکول بنائیں گے جبکہ لڑکیوں کی تعلیم کی اہمیت پر آگاہی مہم چلائیں گے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ بی آئی ایس پی سےگرلز ایجوکیشن کے لیے وظائف دیے جائیں گے، اس موقع پر صوبائی محتسب اعجاز علی خان نے بھی خطاب کیا۔