پشاور اور کوہاٹ میں شہریوں کو لوٹنے والے 11 رہزن گرفتار

October 22, 2021

پشاور، کوہاٹ(کرائم رپورٹر،نمائندہ جنگ) پشاور اور کوہاٹ میں شہریوں کو لوٹنے والے 11 رہزن ، کارلفٹر اور ڈاکو گرفتار ،17گاڑیاں،34 موبائل اور لاکھوں روپے برآمد کرلئے گئے ، برآمد شدہ گاڑیاں لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور پشاور سے چوری کی گئیں تھیں، مسروقہ سامان کو ہمسایہ ملک افغانستان سمگل کرنے کی تیاریاں کی جارہی تھیں، ایس پی کینٹ زنیراحمد چیمہ نے پولیس لائن میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ راہزنی اور موٹر کار چوری میں ملوث گینگز کے خلاف کارروائیوں کے دوران 8ملزمان گرفتارکرلئے گئے جن میں محمد یاسر ، عباد خان، امجد خان، معاذ اللہ، خان محمد، مجید اختر اور حیدر علی شامل ہیں جو مختلف تجارتی مراکز سے گاڑیاں چوریاں کرنے سمیت شہریوں سے اسلحہ کی نوک پر قیمتی موبائل فونز چھیننے میں ملوث ہیں، ملزمان میں سے دو گاڑیوں کے انجن چیسز نمبرات تبدیل کرنے کے بھی ماہر ہیں۔ ایس پی کینٹ نے بتایاکہ ملزمان میں تھانہ تاتارا اور حیات آباد کی حدود میں سرگرم دو راہزن بھی شامل ہیں جن کے قبضے سے 34 وقیمتی موبائل فونز اور ڈیڑھ لاکھ روپے بھی برآمد کئے گئے ،برآمد شدہ گاڑیوں کے اصل مالکان کا سراغ لگا لیا گیا جبکہ موبائل فونزبھی جلد اصل مالکان کے حوالے کردیئے جائینگے۔ ایک راہزن پنجاب میں تین کروڑ کی ڈکیتی میں ملوث نکلا۔ ملزم کی گرفتاری سے متعلق پنجاب پولیس سے رابطہ کرلیا گیا۔ کینٹ پولیس کے مطابق ساجد علی لالا موسی کو پشاورکے علاقوں ٹاؤن اور تاتارامیں کارروائی کے دوران گرفتار کیا ہے جس نے دوران تفتیش اعتراف کیا ہے کہ وہ پنجاب پولیس کوبھی تین کروڑ کی ڈکیتی میں مطلوب ہے ۔دریں اثنا کوہاٹ لاچی پولیس نے تین رکنی مسلح ڈکیت گروہ کو گرفتار کیا۔ زیر حراست ڈاکوؤں کے قبضے سے لوٹی رقم، موبائل فون اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کر لیا گیا۔ مبینہ ڈکیت گروہ کے قبضے سے خطرناک ہتھیار دوکلاشنکوف، ایک بندوق، ایک پستول اور سینکڑوں کارتوس بھی برآمد کئے گئے۔گرفتار ملزمان نے ڈکیتی کی واردات میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا۔ ڈاکوؤں کے خلاف تھانہ لاچی میں مقدمہ درج کرکے انہیں جیل بھیج دیا گیا۔ ڈی ایس پی لاچی سرکل ناظر حسین نے بتایا کہ لاچی بائی پاس روڈ پر زیر تعمیر پٹرول پمپ میں کام کرنے والے مزدوروں سے اسلحہ کی نوک پر نقدی و دیگر سامان لوٹ لیا گیا واردات میں ملوث ملزمان فوری طور پر فرار ہو گئے۔ ڈی پی او کوہاٹ سہیل خالد نے انکی نگرانی میں خصوصی سراغ رساں ٹیم تشکیل دی۔ ڈی ایس پی ناظر حسین نے بتایا کہ ایس ایچ او لاچی طارق محمود کی سربراہی میں پولیس نے واردات میں ملوث تین ڈاکوؤں احمد مرتضیٰ ولد عبدالواحد سکنہ لاچی پایاں، افتخار احمد ولد سید بادشاہ اور ندیم ولد جہانگیر ساکنان ٹولہ بانگی خیل شکردرہ کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے لوٹی گئی رقم 8 ہزار روپے ، موبائل فون اور ہتھ ریوڑیاں اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔ ملزمان نے اعتراف جرم کرتے ہوئے شریک جرم دیگر چار ساتھیوں کے نام بھی اگل دئیے جنکی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔