خیبرمیڈیکل یونیورسٹی اورڈی کے ٹی میں مفاہمت کی یادداشت

October 22, 2021

پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبرمیڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور اورڈی کے ٹی پاکستان کے درمیان تکنیکی اور تحقیقی اشتراک کے لئے مفاہمت کی یادداشت طے پا گئی جس پرکے ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق اور مسٹر جسٹن مین تھامسن کنٹری ڈائریکٹر ڈی کے ٹی پاکستان نے دستخط کئے۔ دونوں ادارے سائنسی اور تکنیکی تعاون کے علاوہ سائنس، ٹیکنالوجی، سوشل مارکیٹنگ اور انٹرپرینیورشپ کے شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے۔ ایم او یو میں کے ایم یو اور ڈی کے ٹی نے ماں، نوزائیدہ بچوں کی صحت (ایم این سی ایچ)، ایچ آئی وی ایڈز کی روک تھام، چھاتی کے کینسر کی روک تھام، ابتدائی تشخیص، تحقیق اور ترقی کے لئے سائنسی اور ٹیکنالوجی کے ماہرین کے تبادلے اور تربیت پر اتفاق کیا ہے ، مشترکہ کانفرنسوں، سیمیناروں، ورکشاپوں کے انعقاد اور قومی اور بین الاقوامی امور پر لیکچرز، ایک دوسرے کی تحقیق اور تکنیکی سہولیات کا مشترکہ طور پر استعمال کے علاوہ باہمی رضامندی سے ایک دوسرے کے افرادی اور تکنیکی وسائل سے استفادہ کیاجائے گا۔کے ایم یو ڈی کے ٹی کو ریسرچ سیل کے قیام، تربیتی پروگراموں کے نصاب کی تیاری، سماجی انٹرپرینیورشپ، ایچ آئی وی ایڈز کی روک تھام کی حکمت عملی اور دیگر شعبوں میں تکنیکی تعاون فراہم کرے گی جبکہ ڈی کے ٹی کے ایم یو کو اپنے ڈیٹا بینک، صحت کی دیکھ بھال کے مراکز، مریضوں اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے ماہرین کی تکنیکی مہارت تک کے ایم یو کے طلباء اور فیکلٹی کو تحقیقی منصوبوں کی تکمیل میں معاونت اور راہنمائی فراہم کرے گا۔ایم او یو 10 سالوں موثر رہے گا ۔ دونوں ادارے باہمی روابط کے لئے رابطہ افسران کا تقرر کریں گے جو دونوں اداروں کے درمیان قریبی روابط اور سالانہ رپورٹس کی تیاری کو یقینی بنائیں گے۔