صحافی قتل کیس، گرفتار ملزمان عدالت میں پیش

October 22, 2021

کوئٹہ( آئی این پی ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج IX نجیب اللہ خان کاکڑ کے رو برو صحافی عبدالواحد رئیسانی کے قتل سے متعلق دائر مقدمہ کی سماعت ہوئی۔گزشتہ روز ہونے والے سماعت کے دوران گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش میں کیا گیا،متاثرہ خاندان کی جانب سے سینئر قانون دان وسا بق سینیٹر ملک ممتاز محفوظ ایڈووکیٹ عدالت کے روبرو پیش ہوئے ۔ اس موقع پر شہید صحافی کے بھائی اسفند یار رئیسانی متاثرہ خاندان کے دیگر افراد سمیت صحافی بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ بعد ازاںعدالت نے کیس کی سماعت کو 28اکتوبر 2021تک ملتوی کرنے کے احکامات دیئے۔ واضح رہے شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی کو 24 اپریل گیارہویں رمضان المبارک کی شب گھر سے دفتر جاتے ہوئے قمبرانی روڈ پر واقع کلی گشکوری کے مقام پر فائرنگ کرکے شہید کیا گیا، اہلخانہ کے مطابق واقعہ میں ملوث دو ملزمان گرفتار ہیں جبکہ ایک ملزم تاحال مفرور ہے ،انہوں نے آئی جی بلوچستان اور ڈی آئی جی کوئٹہ سے مفرور ملزم کی فوری گرفتاری کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔