ممبئی کی کثیر المنزلہ عمارت میں آتشزدگی، 1 ہلاک

October 22, 2021

بھارتی شہر ممبئی میں کثیر المنزلہ عمارت میں آگ بھڑک اٹھنے کے بعد 19 ویں منزل سے چھلانگ لگانے والا نوجوان ہلاک ہوگیا، آگ پر قابو پانےکی کوششیں جاری ہیں۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ جمعے کو ممبئی کے کری روڈ پر 60 منزلہ ایویگنا پارک اپارٹمنٹ کی 19ویںمنزل پر آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، ممبئی فائر فائٹرز حکام کے مطابق آگ مقامی وقت کے مطابق 12 بجے کے قریب لگی تھی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر ڈیپارٹمنٹ کے ارکان موقع پر پہنچ گئے اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کی، ریسکیو آپریشن میں20 فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے حصہ لیا، ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والا شخص سیکیورٹی گارڈ تھا۔

ممبئی کی میئر کشوری پیڈنیکر بھی موقع پر پہنچ گئیں، ابھی تک عمارت میں لگی آگ کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے، جبکہ رہائشیوں کو عمارت سے نکال لیا گیا ہے۔