مٹیاری: لاہور ٹرانسمیشن لائن مکمل کرنیوالی چینی کمپنی پریشانی کا شکار

October 23, 2021

اسلام آباد(خالد مصطفیٰ) مٹیاری۔لاہور ٹرانسمیشن لائن مکمل کرنے والی چینی کمپنی پریشانی کا شکار ہے کیوں کہ این ٹی ڈی سی کے ایم ڈی نے سی او ڈی جاری کرنے کے لئے مطلوبہ سرٹیفکیٹ فراہم نہیں کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق، سی پیک کے فلیگ شپ منصوبے مٹیاری-لاہور ٹرانسمیشن لائن کو مکمل کرنے والی چینی کمپنی جس نے کمرشل آپریشن کی تاریخ (سی او ڈی) کو یکم ستمبر، 2021کو مکمل کیا تھا، وہ پریشانی کا شکار ہے کیوں کہ 52روز گزرنے کے باوجود نیشنل ٹرانسمیشن ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے ایم ڈی نے سی او ڈی جاری کرنے کے لیے مطلوبہ سرٹیفکیٹ فراہم نہیں کیا ہے۔ این ٹی ڈی سی نے 30 ستمبر، 2021 کو سی او ڈی تقریب منعقد کی تھی لیکن چینی کمپنی تاحال نیپرا کو مطلوبہ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ پاک۔مٹیاری۔لاہور ٹرانسمیشن کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ (پی ایم ایل ٹی سی) چین کی سرکاری ملکیتی کمپنی اسٹیٹ گرڈ کی ذیلی کمپنی ہے، جس نے 18 اکتوبر، 2021 کو این ٹی ڈی سی کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز کو خط لکھا اور ایڈیشنل سیکرٹری، پاور ڈویژن کے جوائنٹ سیکرٹری اور پی پی آئی بی کے مینجنگ ڈائریکٹر کو آگاہ کیا کہ این ٹی ڈی سی نے اب تک سی او ڈی سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا ہے، جس کی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کے لیے ایک بار ضرورت ہے۔