گورنر اسٹیٹ بینک کے بیان نے تو معاشی فلسفہ ہی تبدیل کردیا، تجزیہ کار

October 23, 2021

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے مارننگ شو ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے میزبان نے اپنے تجزیئے میں کہا کہ گورنر اسٹیٹ بینک کے بیان نے تو معاشی فلسفہ ہی تبدیل کردیا۔

معاشی تجزیہ کار فرحان بخاری کا کہنا تھا کہ گورنر اسٹیٹ بینک ملک کے جو زمینی حقائق ہیں شاید وہ ابھی بھی سمجھ نہیں پائے ہیں یا سمجھنا نہیں چاہتے۔

ترجمان مشیر خزانہ مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک آزادانہ کام کررہا ہے حالانکہ ماضی میں وزارت خزانہ کی اسٹیٹ بینک کے معاملات میں کافی مداخلت رہی ہے ۔میزبان نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی کسی کے لئے فائدے مند تو کسی کے لئے نقصان کا باعث گورنر اسٹیٹ بینک کے بیان نے تو معاشی فلسفہ ہی تبدیل کردیا ہے ۔

میزبان عبداللّٰہ سلطان اور ہما امیر شاہ کا کہنا تھا کہ ہر معاملے پر ہی وضاحت دی جانے لگتی ہے، حکومتی عہدیداروں کی نرالی منطق معاشی ماہرین بھی سمجھنے سے قاصر ہیں ۔ مہنگائی کے اعتبار سے پاکستان اس وقت 43 ممالک میں چوتھے نمبر پر ہے ۔

معاشی تجزیہ کار فرحان بخاری کا کہنا تھا کہ گورنر اسٹیٹ بینک کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ بولتے بہت ہیں ان کو کم بولنا چاہئے جہاں تک ان کے بیان کا تعلق ہے یہ انتہائی متنازع بیان ہے ۔