پاکستانی ڈاکٹر امریکی نیشنل اکیڈمی آف میڈیسن کی رکن منتخب

October 23, 2021

کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستانی ڈاکٹر انیتا زیدی امریکی نیشنل اکیڈمی آف میڈیسن کی رکن منتخب ہوگئی ہیں ۔اس رکنیت کے لیے پیشہ ورانہ خدمات میں اعلیٰ کارکردگی کے حامل کو ہی منتخب کیا جاتا ہے۔ ڈاکٹر انیتا کا کہنا تھا کہ نیشنل اکیڈمی آف میڈیسن کی رکنیت اعزاز کی بات ہے۔ تفصیلات کے مطابق، پاکستانی ڈاکٹر انیتا زیدی جو کہ بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے صنفی امتیاز شعبے کی صدر ہیں وہ امریکا کے نیشنل اکیڈمی آف میڈیسن (نام) کی رکن منتخب ہوگئی ہیں۔ صحت اور طب کے شعبے میں نام کی رکنیت کو بڑا اعزاز سمجھا جاتا ہے اور یہ رکنیت صرف ایسے پیشہ ور طبی ماہرین کو دی جاتی ہے، جس نے پیشہ ورانہ خدمات میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہو۔ ڈاکٹر انیتا زیدی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ "نام "کی رکنیت میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے اور اس کے لیے میں آغا خان یونی ورسٹی کی شکر گزار ہوں کہ جس نے مجھے وسیع تعلیمی مواقع فراہم کیے۔ واضح رہے کہ کراچی میں ماہی گیروں کے بچوں کی زندگیاں بچانے کے لیے کام کرنے پر ڈاکٹر انیتا کو 10 لاکھ ڈالر کا کیپلو چلڈرن انعام ملا تھا، جب کہ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی شخصیت تھیں۔