آئی ایس آئی کے نئے ڈائریکٹر جنرل کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہوسکا

October 23, 2021

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) آئی ایس آئی کے نئے ڈائریکٹر جنرل کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہوسکا، وزیر داخلہ شیخ رشید نے یقین دہانی کرائی تھی کہ یہ معاملہ جمعہ تک حل ہو جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی یقین دہانی کے باوجود انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے نئے ڈائریکٹر جنرل کی تقرری کی تصدیق کرنے والا نوٹیفکیشن ابھی تک جاری نہیں کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے یقین دہانی کرائی تھی کہ معاملہ جمعہ تک حل ہو جائے گا۔17اکتوبر کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اہم تقرریوں کے معاملے پر حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان کوئی اختلاف نہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ آئی ایس آئی کے سربراہ کی تقرری سے متعلق تمام معاملات فوج اور دفتر وزیراعظم کے باہمی اطمینان سے طے کیے گئے۔ اس وقت وزیر نے کہا تھا کہ تقرری کی تصدیق ’اگلے جمعہ‘ تک ہو جائے گی۔ تاہم جمعے کی نصف شب اس خبر کو جمع کرانے تک نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔ اہم تقرری پر حکومت اور فوج کے درمیان واضح ڈیڈلاک نے اپوزیشن جماعتوں کو ہتھیار فراہم کیا جو مہنگائی اور اشیاء کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف بڑے مظاہرے کر رہی ہیں۔ اپوزیشن لیڈر کہتے ہیں کہ ڈیڈلاک برقرار رکھنے کی اجازت دے کر وزیر اعظم ملک کے اہم اداروں کو کمزور کر رہے ہیں۔