26 سال بعد’ دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کا میوزیکل تھیٹر بنانے کا اعلان

October 24, 2021

ممبئی (آئی این پی)بولی وڈ کی ہر دور کی کامیاب ترین فلموں میں شمار ہونے والی شاہ رخ خان کی بلاک بسٹر فلم ’’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘‘ پر یش راج فلمز نے میوزیکل تھیٹر بنانے کا اعلان کردیا۔یش راج فلمز کی جانب سے انسٹاگرام پوسٹ میں تصدیق کی گئی کہ ڈھائی دہائیوں بعد فلم ساز ادیتیا چوپڑا اپنے ڈائریکٹوریل ڈیبیو فلم کا میوزیکل تھیٹر تیار کریں گے۔پوسٹ میں بتایا گیا کہ جس طرح یش راج چوپڑا نے’ دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ سے ہدایت کاری کی دنیا میں قدم رکھا تھا، اسی طرح وہ اپنی مقبول ترین فلم کے میوزیکل تھیٹر سے تھیٹر کی دنیا میں قدم رکھنے جا رہے ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اس بار ادیتیا چوپڑا فلم کا میوزیکل تھیٹر ہندی کے بجائے انگریزی میں تیار کریں گے، جس کا نام کم فال ان لو رکھا گیا ہے۔پوسٹ میں واضح کیا گیا کہ کم فال ان لو کی کہانی میوزک کے ذریعے پیش کی جائے گی اور اس کا میوزک امریکی اور بھارتی لکھاری و موسیقار مشترکہ طور پر تیار کریں گے۔یش راج فلمز کے مطابق میوزیکل تھیٹر کی ابتدائیہ شاعری ایوارڈ نغمہ نگار نیل بینجمن لکھیں گی، جب کہ تھیٹر کے گانوں کا میوزک بھارتی موسیقار وشال دادلانی اور شیکھر رجوانی ترتیب دیں گے۔گانوں کی کوریوگرافی یعنی ڈانس کو امریکی ایوارڈ یافتہ تھیٹر ڈائریکٹر روب اشفورڈ ترتیب دیں گے، تاہم بھارتی کوریو گرافر شروتی مرچنٹ بھی ان کا ساتھ دیں گی۔تھیٹر کو امریکی تھیٹر ڈیزائنر ڈائریکٹر ڈریک مک لینی ڈیزائن کریں گے اور تھیٹر کی کاسٹ میں عالمی اداکاروں کو کاسٹ کیا جائے گا، جن کی تلاش جلد شروع کی جائے گی۔پوسٹ میں تصدیق کی گئی کہ دل والے دلہنیا لے جائیں گے سے ماخوذ میوزیکل تھیٹر کا آغاز ستمبر 2022 میں ہوگا اور تھیٹر کو یش راج فلمز کے بینر تلے پیش کیا جائے گا۔