مزدوری کے بدلے گندم ملے گی، طالبان کی بھوک کے خاتمے کیلئے نئی اسکیم

October 25, 2021

کابل (اے ایف پی )افغانستان کی طالبان حکومت نے بھوک سے نمٹنے کیلئے ایک پروگرام شروع کیا ہے جس میں ہزاروں افراد کو مزدوری کے بدلے گندم کی پیشکش کی گئی ہے۔اے ایف پی کے مطابق طالبان کے مرکزی ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اتوار کو جنوبی کابل میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ اسکیم افغانستان کے بڑے قصبوں اور شہروں میں شروع کی جائے گی اور صرف دارالحکومت کابل میں 40ہزار افراد کو ملازمت دی جائے گی۔ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ’یہ بے روزگاری سے لڑنے کے لیے ایک اہم قدم ہے، مزدوروں کو’سخت محنت‘کرنی چاہیے۔ذبیح اللہ مجاہد، وزیر زراعت عبدالرحمن رشید ، کابل کے میئر حمد اللہ نعمانی اور دیگر سینیئر حکام نے اس سکیم کا کابل کے دیہی علاقے ریش خور میںایک تقریب میں گلابی ربن کاٹ کر افتتاح کیا۔