بھارت، فیس بک مسلم مخالف اور نفرت آمیز مواد ہٹانے میں ناکام

October 25, 2021

نیویارک (جنگ نیوز )فیس بک کی کچھ داخلی دستاویزات سے معلوم ہوا ہے کہ اس کمپنی کی جانب سے بھارت میں مسلمانوں کے خلاف نفرت آمیز اور تشدد پر اکسانے والے مواد کو صارفین تک پہنچنے سے روکنے کا عمل شفاف نہیں تھا۔دستاویزات کے مطابق فیس بک کے اپنے ملازمین کو اس کمپنی کے مفادات اور اس کے محرکات پر شبہ ہے۔ اس سال مارچ میں کی گئی ریسرچ فیس بک کی بھارت میں اپنے پلیٹ فارم سے نفرت آمیز مواد کو ہٹانے کی جدوجہد کو ظاہر کرتی ہے۔ وال اسٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ نےاس بات کو اجاگر کرنے کی کوشش کی کہ فیس بک کی طرف سے جان بوجھ کر بھارت میں اپنے پلیٹ فارم سے نفرت آمیز مواد کو نہیں ہٹایا جاتا تاکہ بی جے پی اس سے ناراض نہ ہو۔فیس بک کی یہ دستاویزات یہ بھی ظاہر کرتی ہیں کہ بعض اوقات نفرت آمیز مواد فیس بک کے اپنے ایلگوردمز کے باعث زیادہ لوگوں تک پہنچتا تھا۔ اس بارے میں فیس بک کے ترجمان کا کہنا ہےکہ دنیا بھر میں اقلیتوں اور خاص طور پر مسلمانوں کے خلاف نفرت آمیز مواد بہت زیادہ ہو گیا ہے۔ لہٰذا آن لائن نفرت آمیز مواد کو کنٹرول کرنے کے لیے ہم اپنی پالیسیوں کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔