متعدد پٹوار حلقوں میں نئے، پرانے پٹواریوں میں دفاترکیلئے کشمکش

October 25, 2021

راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے)راولپنڈی انتظامیہ کی طرف سے44پٹواریوں کو ان کی اپنی اپنی تحصیلوں میں بھجوانے کے احکامات اور سروسز ٹربیونل سے حکم امتناعی کے باعث ان 44پٹوار سرکلز کے عوام مشکلات کا شکار ہوگئے ۔اور عملاًپٹوارسرکلز میں کام بند پڑا ہوا ہے۔کیونکہ تبدیل شدہ پٹواری چارج چھوڑ نہیں رہے اور نئے چارج سنبھال نہیں پارہے ہیں۔جبکہ انتظامیہ احکامات جاری کرکے چین کی نیند سو رہی ہے۔قبل ازیں بھی پٹواریوں کو ان کی اپنی اپنی تحصیلوں میں بھجوانے کے احکامات جاری ہوئے تھے۔جوکمشنر آفس راولپنڈی ڈویژن کی طرف سے22مئی کومنسوخ کئے گے تھے۔ تقریبا پانچ ماہ بعد ایک بار پھر ڈپٹی کمشنر محمد علی نے 44 پٹواریوں کو ان کی متعلقہ تحصیلوں میں واپس بھیجوانے کا حکم دیدیا ۔جس کے بعد سے پٹوار سرکلز میں کام بند ہے۔ذرائع کے مطابق پٹواریوں کی تبدیلی کیلئے انتظامیہ پر سیاسی دبائو ہے۔تبادلوں کےفیصلے کےخلاف پنجاب سروسز ٹریبیونل سے سٹے آرڈر کے بعد‏تبادلے کا شکار44 پٹواری واپس اپنی سیٹوں پر بیٹھ گئے‏جبکہ دوسری طرف ان 44 خالی سیٹوں پر نئے تعینات شدہ پٹواری جب چارج لینے گئے تو پرانے پٹواریوں نے چارج ‏دینے سے انکار کر دیا ۔ذرائع کے مطابق متعدد مقامات پر پٹواریوں میں جھگڑوں کی بھی اطلاعات ہیں۔ تبدیل ہونے والے ایسے پٹواری جو چارج نہیں چھوڑ رہے ان کے خلاف کارروائی اعلان کی حد تک ہی رہی۔جبکہ بعض پٹوار سرکلز میں دفاتر کی قفل شکنی کی بھی اطلاعات ہیں۔لیکن پٹواریوں کی بڑی تعداد تاحال نئے احکامات کے تحت چارج حاصل نہیں کرسکی اور انتظامیہ بھی گم صم بیٹھی ہے۔ متعدد پٹوار حلقوں میں نئے اور پرانے پٹواریوں درمیان دفاتر‏کے حصول لیے جنگ جاری ہے۔