پی سی ایس آئی آر ،گریڈ 17تا18افسران کی ترقی کیلئے3بورڈز تشکیل

October 25, 2021

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے ) وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے اپنے سائنسی ادارے پاکستان کونسل آف سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (پی سی ایس آئی آر) میں گریڈ 17تا 18کے افسران کی اگلے گریڈمیں ترقی کیلئے بھی تین بورڈز تشکیل دیدیئے ہیں ،ڈیپارٹمنٹل پروموشن بورڈ کی میٹنگز 26اکتوبر(منگل) کو پی سی ایس آئی آرلیب لاہورمیں ہو گی، جس میں درجنوں ٹیکنیکل اور نان ٹیکنیکل افسران کی ترقیوں کے کیسز کا جائزہ لیا جائے گا ، ذرائع کے مطابق گریڈ اٹھارہ سے گریڈانیس میں ٹیکنیکل و نان ٹیکنیکل افسران کی ترقی کیلئے چیئرمین پی سی ایس آئی آرڈاکٹر حسین عابدی کی سربراہی میں بورڈتشکیل دیا گیا ہے ، بورڈ میں جوائنٹ سیکرٹری (ایڈمن) وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے علاوہ گریڈ 20کےتین افسران( ممبران سائنس، ٹیکنالوجی اور فنانس) شامل ہونگے، گریڈ سترہ سے اٹھارہ میں ٹیکنیکل افسران کیلئے ممبر ٹیکنالوجی پی سی ایس آئی آر کی سربراہی میں بورڈ تشکیل دیا گیا ہے ، جس میں ڈپٹی سیکرٹری (آرگنائزیشن) وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے علاوہ تین ممبر ہونگے جبکہ گریڈ سترہ سے اٹھارہ نان ٹیکنیکل افسران کی ترقی کیلئے قائم بورڈ میں ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے علاوہ پانچ دیگر ممبر ہونگے، اس بورڈ کے چیئرمین بھی ممبر ٹیکنالوجی پی سی ایس آئی آر ہونگے، محکمانہ پروموشن بورڈ کے ممبران کو میٹنگز کے شیڈول بارے اطلاع کر دی گئی ہے ، ذرائع کے مطابق پروموشن بورڈز کی تشکیل وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سنیٹر شبلی فراز، وفاقی سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر اختر نذیراور چیئرمین پی سی ایس آئی آر ڈاکٹر حسین عابدی کی ذاتی کوششوں کا نتیجہ بتایا گیا ہے تاکہ کافی عرصہ سے التواء کے شکار ترقیوں کے کیسز کو حل کیا جاسکے، ادھر گزشتہ ہفتے کے دوران گریڈ بیس کی تمام خالی پوسٹوں پر افسران کی ترقی کا عمل مکمل کیا گیا جس کے نتیجہ میں کونسل کو بیس سال کے بعد پہلی مرتبہ گریڈ بیس کے تیس افسران مل گئے ہیں۔