اورنگی، گجرنالہ متاثرین کی بحالی کا پروگرام بنا دیا، وزیر اعلیٰ سندھ

October 25, 2021

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ اورنگی، گجرنالہ متاثرین کی بحالی کا پروگرام بنا دیا ہے، زمین کی نشاندہی کر دی ہے، 10 ارب سے 2 سال میں رہائشی اسکیم تیار ہوگی، عدالت کو آگاہ کر دیا ہے۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے بلایا تھا، اپنا موقف پیش کرنے حاضر ہوا، عدالت کو آگاہ کیا کہ میرے پاس افسران اور فنڈز کی کمی ہے، 20 اور 21 گریڈ کے افسران نہ ہونے کے برابر ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سپریم کورٹ جو بھی ہدایت کرے گی اس پر عملدرآمد کراؤں گا، فی الحال اورنگی، گجر نالہ متاثرین کی بحالی کے پروگرام کیلئے سندھ حکومت اپنے بجٹ سے رقم جاری کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ہمیں ہدایت کی گئی ہے کہ غیر قانونی طور پر آباد لوگوں کو جگہوں سے ہٹایا جائے، تاہم ہم نے فوری طور پر انہیں ہٹانے سے معذرت کی ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ عدالت کو آگاہ کیا ہے آج انہیں ایک جگہ سےہٹائیں گے تو یہ دوسری جگہ آباد ہوجائیں گے۔

گزشتہ روز پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ قومی ٹیم کو بھارت کیخلاف میچ جیتنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم اگر ایسے ہی کھیلتی رہی تو لگتا یہی ہے کہ ٹیم ورلڈ کپ جیت جائے گی۔