مہنگائی کیخلاف PP سندھ کا 29 اکتوبر کو احتجاج کا اعلان

October 25, 2021

پاکستان پیپلز پارٹی نے مہنگائی کے خلاف 29 اکتوبر کو نماز جمعہ کے بعد سندھ بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے ۔

پیپلز پارٹی سندھ کے رہنما نثار کھوڑو نے کہا کہ 29 اکتوبر کو نماز جمعہ کے بعد سندھ کے تمام اضلاع میں احتجاج کیا جائے گا، ہر ضلع کے احتجاج میں پارٹی کے ہزاروں کارکنان ، پارٹی عہدیداروں سمیت ایم این ایز، ایم پی ایز، سینیٹرز شرکت کریں گے۔

نثار کھوڑو نے کہاکہ تبدیلی کا جنازہ نکلنے والاہے اور اس یزیدی وفاقی حکومت سے جلد نجات حاصل کرینگے۔

انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم اگر پیپلز پارٹی کی تجویز پر عمل کرے تو پہلے مرحلے میں پنجاب اور دوسرے مرحلے میں وفاق میں عمران خان کی حکومت کو گھر بھیج سکتے ہیں، پی ڈی ایم اس حکومت سے جان چھڑانے میں سنجیدہ ہے تو نون لیگ اب پنجاب میں عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرے۔

نثار کھوڑونے کہاکہ بلوچستان کے بعد پنجاب میں عثمان بزدار کو عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعے ہٹانے کے لئے راستہ ہموار ہوچکا ہے، نون لیگ اگر پنجاب اسمبلی میں عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرے تو پنجاب کے بعد وفاق میں اپوزیشن کی قوت سے عمران خان کو عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعے گھر بھیجا جا سکتا ہے۔

پی پی رہنما نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف احتجاج نتیجہ خیز ثابت ہوگا اور ملک کے کونے کونے سے یزید کی سرکار کے خلاف عوام سراپا احتجاج ہیں، عوام نے جس طرح ماضی میں ایوب خان اور اس کی مہنگائی کے خلاف تحریک چلائی اب اسی طرح عمران خان کی حکومت اور مہنگائی کے خلاف تحریک کے لئے باہر نکل چکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آئندہ انتخابات کے بعد ملک میں پیپلز پارٹی کی جمہوری حکومت ہوگی، وفاقی حکومت کے رویوں نے پارلیمنٹ کے ماحول کو بھی خراب کردیا ہے جس وجہ سے پارلیمنٹ میں عوام کی بہتری کے لئے کوئی قانون سازی نہیں کی جا رہی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پیٹرول ادویات، بجلی ،گیس اور روز مرہ کی اشیاء مہنگی کرکے عوام کو زندہ قبر میں ڈالنے کی تیاری کی جا رہی ہے، عمران خان کی حکومت عوام کے لئے عذاب بن چکی ہے، عوام دشمن حکومت کے پاس مہنگائی کے خاتمے کے لئے کوئی نظریہ نہیں ہے۔

نثار کھوڑو نے کہاکہ جب تک ملک میں عمران خان کی حکمرانی رہے گی ملک کی بنیادیں بھی کمزور ہونگی ، عمران خان اس ملک اور عوام کی جان چھوڑیں اب عوام اس حکومت کو اقتدار میں مزید برداشت نہیں کرنا چاہتی، آپ استعفیٰ دیں اور عوام کو بہتر فیصلہ کرنے کا موقع دیں ۔