منع کیا تھا پاکستان کے ساتھ میچ نہ کھیلیں، اسد الدین اویسی

October 25, 2021

بھارتی جماعت آل انڈیا اتحادالمسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی کا کہنا ہے کہ انہوں نے پہلے ہی کہا تھا کہ بھارتی ٹیم کو پاکستان کے ساتھ میچ نہیں کھیلنا چاہیے۔

نئی دہلی میں پریس کانفرنس کے دوران اسدالدین اویسی نے پاکستانی ٹیم کے ساتھ میچ کھیلنے کی مخالف کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پہلے ہی واضح طور پرکہا تھا کہ پاکستان سے میچ نہ کھیلا جائے۔

اسدالدین اویسی نے الزام لگایا کہ بھارتی فوجی کشمیر میں مررہے ہیں، ان کے قتل کی وجہ پڑوسی ملک سے آنے والے دہشت گرد ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد بھارتی انتہا پسندوں کی جانب سے مسلمان کرکٹر محمد شامی کے خلاف نفرت انگیز مہم شروع کردی گئی ہے۔ اس پر اسدالدین اویسی کا کہنا تھا کہ ٹیم میں 11 کھلاڑی ہوتے ہیں لیکن ان میں صرف ایک مسلمان کھلاڑی کو نشانہ بنانا افسوسناک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ واقعہ ظاہر کرتا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف نفرت میں کتنا اضافہ ہوچکا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت کی ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کے ہاتھوں شکست پر بھارتی ٹیم کے واحد مسلمان کھلاڑی محمد شامی کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی محمد شامی کو سوشل میڈیا پر غدارقرار دے دیا گیا ہے جبکہ پاکستان سے شکست پر محمد شامی کو بھارتی کرکٹ ٹیم سے نکالنے کے مطالبات بھی کیے جارہے ہیں۔