پاکستان کی کامیابی پر خوشیاں منانے والے کشمیریوں کے قتل کے نعرے قابل مذمت ہیں، محبوبہ مفتی

October 25, 2021

مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے پیر کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کرکٹ میچ میں پاکستان کی کامیابی پر خوشیاں منانے والے کشمیری عوام کو قتل کرنے پر مبنی نعرے لگانے کی مذمت کی ہے۔

اپنے ٹوئٹر ہینڈلر پر محبوبہ مفتی نے سوال کیا کہ پاکستان کی کامیابی پر کشمیریوں کی جانب سے خوشیاں منانے پر اتنا غصہ کیوں ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ جموں و کشمیر میں آرٹیکل 370 کی منسوخی پر کتنے لوگوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مٹھائیاں بانٹی تھیں۔

انکا کہنا تھا کہ کشمیریوں کے خوش ہونے پر بعض افراد نعرے لگارہے تھے کہ دیش کے غداروں کو گولی مارو، تو پھر یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ بہت سے لوگوں نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور اسے توڑنے پر مٹھائیاں بانٹی تھیں۔

انھوں نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ اب ہمیں اس بات پر مزید بحث میں نہیں پڑنا چاہیے اور اسے تسلیم کرلینا چاہیے، اسی جذبے کے تحت جیسا کہ ویرات کوہلی کا تھا جنھوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو کامیابی پر سب سے پہلے مبارکباد دی۔