بیلجیئم کی یونیورسٹیوں میں زیرتعلیم پاکستانی و بھارتی طلبہ نے اکٹھے میچ دیکھا

October 25, 2021

گذشتہ روز دبئی میں ہونے والا پاک بھارت کرکٹ میچ جہاں دونوں اقوام نے علیحدہ علیحدہ دیکھا، وہیں بیلجیئم میں واقع دو یونیورسٹیوں میں موجود پاکستان اور بھارت کے طالبعلموں نے یورپین دارالحکومت برسلز میں اس میچ کو مشترکہ طور پر دیکھا۔

اس اکٹھے میچ دیکھنے کا انتظام بیلجیئم کی دو یونیورسٹیوں کے یو لیوون اور VUB میں زیر تعلیم دونوں ممالک کے طلبہ پر مشتمل ساؤتھ ایشین اسٹوڈنٹ سوسائٹی (SASS) نے کیا تھا۔

اس موقع پر بھائی چارے کا ایک بہترین ماحول رہا اور دونوں ممالک کے طلبہ نے ایک دوسرے کے ملکوں کے کھلاڑیوں کو بھر پور داد دی۔

اس موقع کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی طالبہ ماہ رخ مرزا نے کہا کہ یہ ایک اہم تجربہ تھا کہ اپنے خطے کے ایک اہم کھیل، کرکٹ کو ہم نے مشترکہ طور پر دیکھا۔

اس میچ نے سب سے بڑے ٹاکرے کے طور پر ہمارے اندر حب الوطنی کے تمام جذبات ابھارے۔ لیکن جو چیز خاص طور پر اہم تھی کہ کبھی کبھار دوستانہ تناؤ کے باوجود دونوں طرف کے افراد کو ایک دوسرے کی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے دیکھا جائے۔ یہاں دونوں ممالک کے قومی ترانے سب نے ملکر گائے جو کہ ایک خوشگوار تجربہ تھا۔

ایس اے ایس ایس کی شریک بانی ماہ رخ مرزا نے مزید کہاکہ اس تجربے سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ کھیل کس طرح دہائیوں پرانی دشمنیوں سے بالا تر ہوکر امن کو فروغ دے سکتے ہیں۔

دوسری جانب SASS کے بھارت رکن مانسی سنگھ نے کہا کہ بھارت کے ہارنے کے باوجود میں پاکستانی طلبہ کی انرجی دیکھ کر مسکرا رہا تھا۔

جب پاکستان کی ٹیم جیت گئی تو سب ہی گلے ملے اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔ سب نے مل کر میچ دیکھا اور سب نے اکٹھے کھانا کھایا۔ انہوں نے بھی اس یکجہتی کو خوش کن تجربہ قرار دیا۔