ممنوعہ سامان کراچی اسمگل کرتے ہوئے ایمبولنس پکڑی گئی، 2 ملزمان گرفتار

October 25, 2021

بلوچستان کے راستے ممنوعہ اشیاء کراچی اسمگلنگ کرتے ہوئے مقامی ویلفیئر ادارے کی ایمبولینس رنگے ہاتھوں پکڑی گئی ہے جس میں سوار 2 ملزمان کو گرفتار کر کے ویلفیئر کوآرڈینٹر کی مدعیت میں کلری مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ ویسی ہی دوسری گاڑی لے کر ملزمان فرار ہوگئے۔

مدعی مقدمہ کے مطابق اس کارروائی میں چھیپا کی جعلی طور پر تیار کی گئی گاڑیاں استعمال کی گئی ہیں۔

سینئر سپریٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) سٹی سرفراز نواز کے مطابق لیاری کے کلری تھانے کی حدود میں ماڑی پور روڈ پر علاقہ مکینوں کی مدد سے چھیپا ویلفیئر کے اسٹیکرز، لوگو اور ہوٹر لگی مشکوک ایمبولینس نمبر اے سی یو 303 کو گذشتہ روز پکڑا گیا تھا۔

گاڑی کی تلاشی کے دوران اس میں سے گٹکا، چھالیہ اور ایسی دیگر ممنوعہ اشیاء سے بھری بوریاں برآمد ہوئیں جو افغانستان اور ایران سے بلوچستان کے راستے کراچی اسمگل کی جاتی ہیں۔

چھیپا ترجمان کے مطابق اس دوران اسی طرح کی دوسری ایمبولینس لے کر ملزمان فرار ہوگئے۔

پکڑی گئی گاڑی میں سوار دو ملزمان ثناءاللّٰہ اور عباس خان کو گرفتار کرکے کلری تھانے میں ایف آئی آر نمبر 329/21 درج کرلی گئی ہے۔

چھیپا ویلفیئر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یوسف گوٹھ سے لیاری آ گرہ تاج کالونی کے راستے میں پکڑی گئی ایمبولینس اور ملزمان کا ان کے ادارے سے تعلق نہیں بلکہ اس گروہ کو انہیں کے رضا کاروں کی مدد اور نشاندہی سے پکڑا گیا ہے۔