شاہ رخ کا پاکستانی ڈیزائنر کی تیار کردہ شیروانی میں دیوالی کا اشتہار

October 26, 2021

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان چاکلیٹ کیڈبری کے نئے اشتہار کی وجہ سے سوشل میڈیا پر چھائے ہوئے ہیں ۔برطانوی چاکلیٹ بنانے والی کمپنی کیڈبری کے اس اشتہار میں مہنگے ترین بھارتی اسٹارنے پاکستانی فیشن ڈیزائنرکا تیارکردہ لباس پہنا ہے۔سفید شلوار قمیض پرفراز منان کی ‘وائٹ رائل جیکٹ ‘ زیب تن کیے ہوئے کافی دلکش لگنے والے شاہ رخ چھوٹے کاروباری حضرات سے خریداری کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ دیوالی کے کپڑے، جوتے، موبائل اور مٹھائی وغیرہ گھرکےقریب کی دکانوں سے خریدنے کا مشورہ دینے والے شاہ رخ کی یہ جیکٹ پھولوں اور جیومیٹریکل پیٹرن سے سجی ہے۔ پاکستانی ڈیزائنرنے انسٹااسٹوریز میں اس اشتہار کا اسکرین شاٹ شیئرکیا۔ اس اشتہار سے شاہ رخ خان مداحوں کا دل جیت رہے ہیں ۔ نہ صرف کیڈبری کا اشتہار بلکہ سپر اسٹار اس دیوالی پر مقامی دکانوں سے سامان خریدنے کی بھی اپیل کررہے ہیں ۔ ان چھوٹے بزنس کیلئے خریداروں کو راغب کرنے کیلئے اس اشتہار کو بنایا گیا ہے ۔ اس اشتہار کے ذریعہ کوئی بھی کریانہ اسٹور آرٹیفیشیل انٹلی جنس کی مدد سے شاہ رخ خان کی آواز اور شکل کا استعمال کرکے اپنے پروڈکٹ کو فروخت کرسکتا ہے ۔شاہ رخ خان کے اس اشتہار نے ان کے مداحوں کو جشن منانے کی ایک وجہ دیدی ہے ۔ سوشل میڈیا پر ووکل فار لوکل کا یہ اشتہار کافی وائرل ہورہا ہے ۔ لوگ اس کو کافی پسند کررہے ہیں اور خوب شیئر بھی کررہے ہیں ۔ اداکارہ ہما قریشی نے اس کو شیئر کرکے لکھا کہ کتنا خوبصورت اشتہار ہے ، دیوالی سب کی میٹھی ہونی چاہئے ۔ اپنے آس پاس کے چھوٹے اور مقامی کاروبار کی حمایت کریں ۔اداکارہ شرتی سیٹھ نے دل والے ایموجی کے ساتھ لکھا کہ کیڈبری اور شاہ رخ خان سے پیار کرنے کی ایک اور وجہ ۔ فلم ساز گریش جوہر نے ٹویٹ کرکے لکھا کہ تو کیڈبری نے ایک مرتبہ پھر کردکھا یا۔ اس مرتبہ کنگ آف ہارٹس شاہ رخ خان کے ساتھ اس دیوالی پر مقامی خریداری کو فروغ دینا ۔حالانکہ کچھ لوگوں کو یہ اشتہار پسند نہیں آیا اور انہوں نے لوگوں سے کیڈبری کا بائیکاٹ کرنے کیلئے کہا ۔ ایک صارف نے لکھا کہ کیڈبری کو اپنے برانڈ کو فروغ دینے کیلئے ایک ڈرگ ملزم فیملی کی ضرورت ہے ۔ کیا وہ سماج میں منشیات کو فروغ دینے کیلئے سروگیٹ ایڈ کررہے ہیں ۔