افغانستان کی جیت سے غمزدہ قوم جی اٹھی ہے، اشرف غنی

October 26, 2021

سابق افغان صدر اشرف غنی نے بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں افغانستان کی اسکاٹ لینڈ کیخلاف شاندار فتح پر پیغام جاری کیا ہے۔

اشرف غنی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری پیغام میں کہا کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف قومی افغان کرکٹ ٹیم کے ہیروز کی فتح پر عظیم افغان قوم کو مبارکباد!

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میچ میں شاندار کامیابی سمیٹنے والے کرکٹرز آج ایک غمزدہ قوم کے چہرے پر مسکراہٹ لائے اور سب کے دلوں میں نئی ​​امیدیں جگائیں کہ یہ قوم زندہ ہے اور اسے کوئی یرغمال نہیں بنا سکتا۔

خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں افغان بیٹسمینوں کی دھواں دار بیٹنگ کے بعد اسپنر مجیب الرحمن نےتباہ کن بولنگ کرتے ہوئے اسکاٹ لینڈ کو یکطرفہ شکست سے دوچار کیا۔

مجیب الرحمن نے30 رنز دے کر پانچ اور راشد خان نے 9رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ افغانستان نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچ با آسانی130رنز سے جیت لیا۔