علی ظفر بھی پاکستان کی تاریخی فتح کا جشن منانےسڑکوں پر نکل گئے

October 26, 2021

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار علی ظفر بھی آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی بھارت کے خلاف تاریخی فتح کا جشن منانے کے لیےبہت سے من چلوں کی طرح سڑکوںپر نکل آئے۔

علی ظفر نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے، اس ویڈیو میں دیکھ سکتے ہیں کہ علی ظفر ہلکی رفتار سےگاڑی چلاتے ہوئے سڑک پرموجود من چلے جو کہ ڈھول کی تھاپ پر ڈانس کرتے نظر آرہے ہیں ان کی ویڈیو بنا رہے ہیں۔

جبکہ علی ظفر کو گاڑی میں دیکھ کر کچھ لڑکوں نے رُک کر علی ظفر کی ویڈیو بھی بنائی اور ساتھ ہی گلوکار کا پی ایس ایل کے لیے گایا ہوا گانا ’ سیٹی بجے گی‘ بھی گنگنایا۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب پاکستان نے ورلڈکپ مقابلوں میں بھارت سے شکست کا جمود توڑ کر اسے چاروں شانے چت کرتے ہوئے 10 وکٹوں سے ہرادیا۔

بھارت کا 152 رنز کا دیا گیا ہدف پاکستان نے بغیر کسی نقصان پر 18ویں اوور میں حاصل کرلیا۔