شاہ رخ خان نے آریان کی طویل قید کیلئے خود کو تیار کرلیا

October 26, 2021

بالی وُوڈ کنگ شاہ رُخ خان کے قریبی دوستوں اور وکلاء کا کہنا ہے کہ شاہ رُخ خان آریان خان کی ضمانت سے متعلق مایوسی کا شکار ہیں، شاہ رُخ خان بیٹے کے لمبے عرصے تک جیل میں رہنے سے متعلق خود کو ذہنی طور پر تیار کر چکے ہیں۔

دوسری جانب بھارتی ادارے اینٹی نارکوٹکس بیورو ( این سی بی ) کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ آریان خان کے خلاف گواہوں کو دھمکایا اور ورغلایا جا رہا ہے، شاہ رخ خان کے ایک قریبی دوست کا کہنا ہے کہ ’این سی بی‘ کے اس دعوے کے پیشِ نظر شاہ رُخ خان کو ڈر ہے کہ آ ج اُن کے بیٹے آریان خان کو ضمانت نہیں ملے گی۔

واضح رہے کہ بھارتی اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو درخواستِ ضمانت پر آج ممبئی ہائیکورٹ میں منشیات کیس کی سماعت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

اس سے قبل آریان خان کی درخواست ضمانت 20 اکتوبر کو خصوصی عدالت کی جانب سے مسترد کردی گئی تھی۔

ممبئی کی عدالت کی جانب سے آریان خان کی درخواستِ ضمانت چار بار مسترد کی گئی تھی اور اسی وجہ سے اُن کے وکیل نے ممبئی ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔

آریان خان منشیات کیس میں 8 اکتوبر سے آرتھرروڈ جیل میں قید ہیں۔