نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 135 رنز کا ہدف دے دیا

October 26, 2021


آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 135 رنز کا ہدف دے دیا۔

شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے۔

قومی بولرز نے بھارت کے خلاف میچ جیسی فارم برقرار رکھتے ہوئے نیوزی لینڈ کو بڑے اسکور سے روک دیا۔

حارث رؤف نے ایک مرتبہ پھر عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 22 رنز دے کر 4 اہم وکٹیں لیں۔

ان کے علاوہ شاہین شاہ آفریدی، عماد وسیم اور محمد حفیظ نے بھی ایک ایک کیوی کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

نیوزی لینڈ ٹیم کی جانب سے ڈیرل مچل اور ڈیون کانوے نے 27، 27 رنز بنائے جبکہ کپتان کین ولیمسن نے 25 رنز کی اننگز کھیلی۔

خیال رہے کہ ٹاس کے موقع پر بابر اعظم کا کہنا تھا کہ جلد وکٹیں لےکر حریف ٹیم پر پریشر ڈالنے کی کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، بھارت کے خلاف فاتح ٹیم کو ہی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

پاکستان نے گزشتہ میچ میں بھارت کو 10 وکٹوں سے عبرتناک شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کیا تھا۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 میں یہ پہلا میچ ہے۔