ٹی ایل پی کے احتجاج کا خطرہ، راولپنڈی میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی کمک پہنچادی

October 27, 2021

اسلام آباد (طارق بٹ) ٹی ایل پی کے احتجاج کے خطرے کی وجہ سے راولپنڈی میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی کمک پہنچادی گئی ہے۔ جبکہ سینٹرل پولیس آفس نے پولیس اور پنجاب کانسٹیبلری کے اہلکاروں کو آر پی او راولپنڈی کو رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق، وزیرداخلہ شیخ رشید نے تین روز قبل کہا تھا کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے احتجاج ختم کرنے سے متعلق معاہدہ طے پاگیا ہے، جب کہ راولپنڈی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی موجودگی کا مقصد کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے ہے۔ جب کہ سینٹرل پولیس آفس (آپریشنز برانچ) پنجاب نے 25 اکتوبر کو ایک خط لکھا تھا جس کی نقل دی نیوز کے پاس موجود ہے، جس میں حکم دیا گیا تھا کہ پولیس اور پنجاب کانسٹیبلری کے افراد کو آر پی او ، راولپنڈی کے ماتحت کیا جاتا ہے جس کا مقصد امن و امان کے فرائض انجام دینا ہے۔ خط کے مطابق، مجاز اتھارٹی نے ان افسران اور اہلکاروں کو آر پی او ، راولپنڈی کے تابع کرنے کی منظوری دی ہے۔