محبت کی خاطر شاہی حیثیت قربان، جاپانی شہزادی ماکو کی شادی ہوگئی

October 27, 2021

ٹوکیو (اے ایف پی /جنگ نیوز )جاپانی شہزادی ماکو نے محبت کی خاطر شاہی حیثیت قربان کردی ،تفصیلات کے مطابق دنیا کے قدیم ترین شاہی خاندانوں میں شمار ہونے والے جاپان کے شاہی خاندان کی 30 سالہ شہزادی نے محبت کی خاطر شاہی حیثیت کو ٹھکراتے ہوئے ایک عام شخص سے شادی کرلی۔اے ایف پی کے مطابق جاپانی بادشاہ نارو ہیتو کی بھتیجی شہزادی ماکو نے اپنے دیرینہ بوائے فرینڈ اور کلاس فیلو 30 سالہ کائی کومیورو سے شادی کے بعد شاہی محل چھوڑ دیا۔شاہی روایات کے مطابق عام شخص سے شادی کرنے کے بعد شاہی خاندان کی خواتین کو شاہی حیثیت سے الگ کردیا جاتا ہے لیکن مرد حضرات کو عام خواتین سے شادی کرنے کی اجازت ہے۔عام شخص سے شادی کرنے کے بعد شہزادی ماکو نے جہاں شاہی محل اور شاہی حیثیت چھوڑ دی، وہیں انہوں نے روایات کے مطابق شادی کے موقع پر خاندان کی جانب سے ملنے والی خطیر ساڑھے 13 لاکھ امریکی ڈالر کی رقم کو قبول کرنے سے بھی انکار کیا۔