پنجاب اسمبلی، نکاح نامے میں ختم نبوت کا حلف شامل کرنے کی متفقہ قرارداد

October 27, 2021

لاہور (اے پی پی)پنجاب اسمبلی کے ایوان نے نکاح نامے کے فارم میں ختم نبوت کا حلف شامل کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ایوان میں چار مسودات قوانین بھی متعارف کرائے گئے جنہیں متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کر کے دوماہ میں رپورٹ طلب کر لی گئی ۔ اپوزیشن کی ریکوزیشن پر بلایا گیا پنجاب اسمبلی کا اجلاس اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی کی صدارت میں ہوا ۔اجلاس کے آغازمیں ممتازایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان،مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی پرویز ملک ،نشاط احمد ڈاہا کی وفات اور رحیم یار خان میں ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ سابق ایم پی اے پیٹر گل کی وفات پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور اقلیتی رکن طارق گل نے دعا بھی کرائی ۔اجلاس میں مسلم لیگ (ق)کی خدیجہ عمر،بسمہ چوہدری اور مسلم لیگ (ن)کے مولانا الیاس چنیوٹی کی جانب سے نکاح نامے کے فارم میں ختم نبوت کا حلف شامل کرنے کیلئے پیش کی گئی مشترکہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ۔اجلاس میں یونیورسٹی آف لاہور ترمیمی بل 2021،راشد لطیف خاں یونیورسٹی بل 2021، پنجاب کیمونٹی سیفٹی میرز ان اسپورٹس اینڈ ہیلتھ کلبز اور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور 2021 بل ایوان میں متعارف کروا دئیے گئے ۔