آریان خان کی ضمانت پر بالی ووڈ شخصیات خوش

October 28, 2021

منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے کی ضمانت منظور ہونے کے بعد بالی ووڈ شخصیات کی جانب سے ردِ عمل سامنے آگیا۔

واضح رہے کہ 3 اکتوبر سے منشیات برآمدگی کیس میں زیرِ حراست آریان خان کی آج بمبئی ہائی کورٹ نے ضمانت منظور کرلی ہے۔

خیال رہے کہ بھارت کے انسداد دہشت گردی کے ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ممبئی میں ساحل کے قریب کروز شپ پر پارٹی کے دوران چھاپا مارکر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان اور ان کے دوست ارباز مرچنٹ کو گرفتار کرلیا تھا۔

این سی بی کی جانب سے ان پر منشیات رکھنے اور استعمال کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا، جسے پہلے آریان نے مسترد کیا جبکہ بعد میں اس سے متعلق اعتراف بھی کرلیا تھا۔

مذکورہ کیس میں آریان خان نے مجسٹریٹ کی عدالت اور پھر این ڈی پی ایس کی عدالت میں درخواست ضمانت جمع کروائیں اور ان کی یہ دونوں درخواستیں مسترد ہوگئیں جس کے بعد ان کے اہلِ خانہ نے بمبئی ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

آج آریان خان اور دیگر ملزمان مونمون دھابیچا اور ارباز مرچنٹ کو بھی ضمانت مل گئی ہے۔

اس پر بالی ووڈ اسٹارز کی جانب سے شاہ رخ خان کو مبارکباد دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

گلوکار میکا سنگھ نے آریان اور دیگر ملزمان کو ضمانت ملنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ میں بہت خوش ہوں کہ بلآخر انہیں ضمانت مل گئی۔

فلم ساز سنجے گپتا کا کہنا تھا کہ میں بہت خوش ہوں کہ آریان خان کو ضمانت مل گئی لیکن ساتھ ساتھ میں اس سسٹم سے متعلق بھی پریشان ہوں جس نے ایک نوجوان کو 25 روز تک سلاخوں کے پیچھے رکھا ہوا تھا، اس جرم کے لیے جو اس نے کیا ہی نہیں ہے۔

اداکار رنگاناتھن مادھوان نے خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ بطور والد میں بہت سکون میں آگیا ہوں، خدا کرے کہ اب صرف اچھی اور مثبت چیزیں ہوں۔

سونو سود نے اپنے پیغام میں لکھا کہ جب وقت انصاف فراہم کرتا ہے تو کسی کو گواہ کی ضرورت نہیں رہتی۔

اداکارہ سورا بھاسکر نے آریان خان کو ضمانت ملنے سے متعلق کیے گئے ایک پیغام پر لکھا کہ ’آخر کار‘ اور ساتھ میں انہوں نے تالیوں کی ایموجی بھی بنائی۔