بادلوں کے سجیلے ڈولے پر... کوئی دلہن پیا گھر جائے

November 14, 2021

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل: آمنہ ملک

ملبوسات: فٹ ویئر برائیڈل کلیکشن

بائے عمران ملک

زیورات: زیور بائے رضوان مجید

آرایش: Sleek By Annie

عکّاسی: ایم۔ کاشف

لے آؤٹ: نوید رشید

ایک دَور تھا، جب شادی بیاہ کی تقریبات بےحدسادگی سے انجام پاتی تھیں ، عروسی پہناووں کے لیے بھی چند مخصوص رنگ و انداز ہی عام تھے، لیکن آج کل تو ان تقریبات نے پوری سیریز کی صُورت اختیار کرلی ہے۔ اسی کے ساتھ جہاںعروسی ملبوسات کی ورائٹی میں اضافہ ہوا، وہیں دُولھا، دلہن کے ملبوسات کے رنگوں کی مناسبت سے میرج ہال کی تزئین و آرایش کے رجحان نے بھی فروغ پایا ،جب کہ تصاویر کے لیے باقاعدہ طور پر آؤٹ ڈور شوٹس کابھی انتظام کیا جانے لگا ہے، تاکہ ان حسین لمحات کو مزیدیادگار بنایا جاسکےکہ بہرکیف،تمام تر والدین کی بَھرپور کوشش ہوتی ہے کہ اپنی اولاد، خصوصاً رانی بٹیا کے اچھے نصیب اورخوشیوں کی خاطر اپنا سب کچھ نچھاور کرکے رکھ دیں۔ چوں کہ ان دِنوں شادی بیاہ کا سیزن عروج پر ہے، تو ہم نے بھی اپنی بزم اِسی مناسبت سے کچھ عروسی پہناووں ہی سے مرصّع کی ہے۔

ذرا دیکھیے، گہرے نیلے رنگ میں بھاری کام دارلنہگے کے ساتھ قدرے چھوٹی آتشی گلابی اور فیروزی رنگ کے کنٹراسٹ میں کام دار چولی کا انداز کس قدر خُوب صُورت لگ رہا ہے، تو زیورات کا انتخاب بھی خُوب ہے۔ گہرے پِیچ رنگ ساٹن سِلک کے پلین غرارے کے ساتھ نیٹ کی کام دار قمیص کا انداز دِل رُبا سا ہے، تو ساتھ جڑاؤ کندن سیٹ بھی بےحد اچھا لگ رہا ہے۔ اسی طرح تربوزی سُرخ رنگ شرارے، چولی اور دوپٹے پر سلمہ، ستارے، موتی اورنگوں کا کام بہت ہی حسین معلوم ہورہا ہے، توآستینوں پر نگوں کا منفرد جال اور بھاری زیوربھی خوش گوار تاثر دے رہا ہے۔

پھر ایک جانب سلور گِرے رنگ میں ڈبل لیئر میکسی کے منفرد انداز کے ساتھ ڈوگر بلیو رنگ آنچل خُوب قیامت ڈھا رہا ہے، تو دوسری جانب اِسی انداز میں طلائی اور آتشی گلابی رنگ پیراہن کی دِل کشی و جاذبیت کے بھی کیا ہی کہنے،جب کہ ان دونوں پہناووں کے ساتھ زیورات کی ہم آمیزی بھی خُوب ہے۔