زمین کو تباہی سے بچانے کی کوشش، ناسا کا نیا خلائی جہاز روانہ

November 25, 2021

واشنگٹن (جنگ نیوز )ناسا کے سائنسدانوں نے ایک ایسی ٹیکنالوجی کو آزمانے کے لیے ایک خلائی جہاز خلا میں بھیج دیا ہے جو مستقبل میں کسی خطرناک سیارچے کو زمین سے ٹکرانے سے روک سکے۔ناسا کے اس مشن کا نام ’ڈارٹ مشن‘ ہے جس کی بنیاد پر وہ زمین کی طرف آنے والی کسی بڑی خلائی چٹان کو ناکارہ بنانے کی طویل مدتی تجویز کا جائزہ لے گا۔یہ خلائی جہاز ڈیمورفس نامی شہابیے سے ٹکرائے گا۔ ناسا کے سائنسدان یہ دیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ڈیمورفس کی رفتار اور راستے کو کس حد تک بدلا جا سکتا ہے۔سائنس دان جو کام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اس کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اگر چند سو میٹر کے کائناتی ملبے کا کوئی حصہ زمین سے ٹکرائے تو پورے براعظم میں تباہی مچا سکتا ہے۔