میرے خاندان کو تحفظ فراہم کیا جائے، عزیز الرحمٰن

November 25, 2021

پشاور (لیڈی رپورٹر)محکمہ ابتدائی وثانوی تعلیم میں بحیثیت سبجیکٹ اسپیشلسٹ خدمات انجام دینے والے عزیز الرحمٰن نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا اور انسپکٹر جنرل پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں اور انکے اہل خاندان کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ انہوں نےپشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصہ قبل ان کے ایک بیٹے محمد انیس الرحمٰن نے ان کے علم میں لائے بغیر آن لائن کاروبار کا آغاز کیا ، اس دوران تہکال کے رہائشی چند افراد کے ساتھ انیس الرحمٰن کا لین دین ہوا جو کہ بطور والد ان کے علم میں نہیں تھا ، بعدازاں انیس الرحمٰن کو کاروبار میں خسارے کا سامنا ہو اہے جس کے بعد انکے پارٹنرز نے آئے روز گھر پر آمد اور پیسوں کا تقاضا کرنے کی وجہ سے انہیں نہ صرف اپنے گھر سے بے گھر ہونا پڑا بلکہ ان کے حافظ قرآن بیٹوں کو بھی اپنی ملازمتوں سے ہاتھ دھونا پڑا کیونکہ مذکورہ افراد گھر پر آنے کے علاوہ بیٹوں کے روزگار کی جگہوں پر بھی جایا کرتے تھے ،ان تما م معالات کا ذمہ دار انیس الرحمٰن کو انہوں نے پہلے ہی عاق کردیا ہےجس کے ساتھ اب ہمارا کوئی واسطہ نہیں ۔انہوں نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا اور آئی جی پولیس سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ افراد سے انہیں تحفظ فراہم کیا جائے۔