سدھارتھ شُکلا کا گایا ہوا گانا ریلیز کرنے کا اعلان

November 26, 2021

بھارتی معروف رئیلیٹی شو بگ باس سیزن 13 کے فاتح اداکار سدھارتھ شکلا کے خاندان کی جانب سے اُن کا گایا ہوا گانا مداحوں کے لیے ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

بھارتی ویب سائٹ کے مطابق بھارتی اداکار سدھارتھ شکلا کے خاندان کی جانب سے اُن کے مداحوں کو سدھارتھ شکلا کی سالگرہ کے موقع پر ایک تحفہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

رواں سال 2 ستمبر کو اچانک دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر جانے والے 40 سالہ سدھارتھ شُکلا کے خاندان کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے سدھارتھ شکلا کا گایا ہوا ’ریپ سانگ‘ 12 دسبر کو اُن کی سالگرہ کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سدھارتھ شکلا کی جانب سے رواں سال کے آغاز پر ریکارڈ کروایا گیا گانا اُن کی سالگرہ کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا۔

سدھارتھ شکلا کے خاندان کا بتانا ہے کہ ’سدھارتھ کی جانب سے گایا گیا گانا ایک ریپ سانگ ہے جو کہ زندگی سے بھرپور ہے، یہ گانا سدھارتھ شکلا کے کیریئر سے متعلق ہے، اس گانے کو سدھارتھ شکلا کے لیے ایک بہترین ٹریبیوٹ بنانے کے لیے اس کی کمپوزنگ شہناز گِل بذات خود دیکھ رہی ہیں۔‘

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس گانے کو کمپوز ’جی اسکلز‘ اسٹوڈیو نے کیا ہے جبکہ اس گانے کو سدھارتھ شکلا کی گرل فرینڈ، اداکارہ شہناز گِل کے بھائی شہباز بادشاہ نے لکھا ہے۔